ہفتہ، 7-مارچ،2026
ہفتہ 1447/09/18هـ (07-03-2026م)

ہمت ہے تو آبنائے ہرمز میں بحری جہاز بھیج کر دکھائیں؛ پاسدارانِ انقلاب کا امریکی صدر کو کھلا چیلنج

07 مارچ, 2026 08:57

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی صدر کو براہِ راست چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا واقعی طاقت دکھانا چاہتا ہے تو آبنائے ہرمز میں اپنے بحری جہاز بھیج کر دکھائے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اگر تیل بردار جہازوں کی حفاظت کا دعویٰ کر رہا ہے تو اسے عملی طور پر ثابت بھی کرنا چاہیے۔ امریکا اپنے بحری جہاز بھیجے اور آئل ٹینکرز کو آبنائے ہرمز سے گزار کر دکھائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایران اپنے سمندری حدود اور خطے کے امن کے بارے میں مکمل طور پر چوکس ہے۔ اگر کوئی طاقت ایران کو دباؤ میں لانے کی کوشش کرے گی تو اس کا جواب بھی دیا جائے گا۔

ادھر ایرانی فوج نے بھی واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت کھلی ہے اور بین الاقوامی جہاز رانی جاری ہے۔ تاہم فوجی حکام نے خبردار کیا کہ اگر کسی امریکی یا اسرائیلی جنگی جہاز نے کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی تو اسے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

یہ سخت بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر نے چند روز قبل کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکی بحریہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کمرشل جہازوں کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔ ان کے مطابق امریکی نیوی تجارتی جہازوں کے ساتھ سفر کر سکتی ہے تاکہ انہیں کسی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ تیل بردار جہازوں کے انشورنس کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے امریکی مالیاتی ادارے بھی مدد فراہم کر سکتے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔