ویوز کیلئے خارجہ پالیسی سے متعلق متنازع بیانات سے گریز کیا جائے، وزیر اطلاعات

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سنسنی خیز بیانات اور ویوز حاصل کرنے کیلئے متنازع گفتگو ریاستی پالیسی اور قومی مفادات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بعض حلقوں کی جانب سے زیادہ ویوز حاصل کرنے کے لیے متنازع اور سنسنی خیز بیانات دیئے جا رہے ہیں، جو ریاستی پالیسی اور قومی مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین انہیں پابند کرتا ہے کہ وہ وزیر اعظم ہاؤس اور دفتر خارجہ کی پالیسی کے مطابق ہی گفتگو کریں۔ ملک میں بہت سے ذمہ دار صحافی اور تجزیہ کار ایسے ہیں، جو موجودہ صورتحال پر انتہائی ذمہ دارانہ انداز میں گفتگو کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دوست ممالک میں میڈیا پر آنے والی باتوں کو اکثر ریاست کا مؤقف سمجھا جاتا ہے، اس لیے میڈیا کو مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان تنقید اور اختلاف رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے تاہم مقامی سیاست کو خارجہ پالیسی کے ساتھ منسلک نہیں کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان ایران کے ساتھ ہے تو سعودی عرب کے ساتھ کیسے چل سکتا ہے، اعظم نذیر تارڑ
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا پر خارجہ پالیسی کے بارے میں غیر ضروری تبصرے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ پاکستان سب سے پہلے ہے اور ہمارے لیے قومی مفاد مقدم ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خطے کے ممالک کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں، جنہیں نقصان پہنچانے والی گفتگو سے اجتناب ضروری ہے۔ سنسنی پھیلا کر ویوز حاصل کرنا کسی طور ملک کی خدمت نہیں بلکہ اس سے ریاستی پالیسی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی کو مقامی سیاسی معاملات کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہیے اور اس حوالے سے غیر ذمہ دارانہ تبصروں سے گریز کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










