بدھ، 11-مارچ،2026
بدھ 1447/09/22هـ (11-03-2026م)

پشاور میں نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قیام کا فیصلہ

11 مارچ, 2026 14:39

پشاور میں نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قیام اور موجودہ ایئرپورٹ کی منتقلی کے منصوبے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پشاور میں ایک اہم اجلاس کمشنر پشاور ریاض خان محسود کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نئے ایئرپورٹ کے قیام کے لیے تقریباً ڈھائی ہزار ایکڑ زمین درکار ہوگی۔ اس مقصد کے لیے پشاور کے مختلف علاقوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ موزوں ترین مقام کا انتخاب کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق متنی، اضاخیل، سویڑزئی، ماموں خٹکی، ناگمان اور باڑہ اکاخیل سمیت متعدد مقامات اس منصوبے کے لیے زیر غور ہیں۔

اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ نئے ایئرپورٹ کے لیے موزوں مقام کے تعین کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے جو تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات تیار کرے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی ایرانی حملوں میں ہلاک یا شدید زخمی ہونے کی اطلاع

حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی ہوم ورک مکمل کر کے جلد سفارشات صوبائی حکومت کو پیش کی جائیں گی تاکہ منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز کیا جا سکے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ایئرپورٹ کی منتقلی سے شہر میں ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی، جبکہ سیکیورٹی اور شہری انتظامی امور میں بھی بہتری آئے گی۔

اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے تین ہفتوں بعد دوبارہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔