اتوار، 15-مارچ،2026
اتوار 1447/09/26هـ (15-03-2026م)

ایران کی 51ویں لہر، امریکہ کے الخرج فوجی اڈے پر میزائل حملے

15 مارچ, 2026 09:56

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اس نے امریکی فوجی تنصیبات کے خلاف جاری فوجی کارروائی ’’وعدۂ صادق چار‘‘ کی 51ویں لہر شروع کر دی ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’وعدۂ صادق چار‘‘ کی 51ویں لہر کو یا علی ابن موسیٰ الرضا کے عنوان کے تحت شروع کیا گیا۔ اس کارروائی میں ٹھوس اور مائع ایندھن سے چلنے والے میزائل استعمال کیے گئے، جن کا ہدف خطے میں موجود امریکہ کا الخرج فوجی اڈہ تھا۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ اڈہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں جدید لڑاکا طیارے، فضائی ایندھن فراہم کرنے والے طیارے اور ابتدائی انتباہی طیارے موجود ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب نے اس کارروائی کو ایرانی رہبر کے فوجی دفتر کے سربراہ مرحوم جنرل ابو القاسم بابائیان اور ان کی اہلیہ کی یاد سے منسوب کیا ہے۔

اس سے قبل اسی فوجی مہم کی پچاسویں لہر کے دوران بھی خطے میں موجود چھ امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا جن میں الظفرہ، فجیرہ، الجفیر، پانچویں بحری بیڑے کا مرکز، علی السالم اور الازرق فوجی اڈے شامل تھے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھاتا رہے گا اور جب تک جنگ کا خطرہ ختم نہیں ہو جاتا ایران اپنی دفاعی کارروائیاں جاری رکھے گا۔ بیرونی حملوں کے باوجود ایران مستحکم اور مضبوط ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ پر 19 ارب ڈالر خرچ، ٹرمپ کی پالیسی پر امریکی کانگریس رکن کی سخت تنقید

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق آج علی الصبح اس کی بحری فورسز نے بھی تین مرحلوں میں حملے کیے جن میں خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بیک وقت میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی بیان کے مطابق الظفرہ فضائی اڈے پر حملوں کے دوران پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے ریڈار، کنٹرول ٹاور اور دفاعی ذخائر کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں میں خودکش ڈرونز اور درست نشانے والے بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔

اسی طرح شیخ عیسیٰ فضائی اڈے پر بھی حملہ کیا گیا، جہاں ابتدائی انتباہی ریڈار نظام، طیاروں کے ہینگر، مرکزی پلیٹ فارم اور امریکی طیاروں کے ایندھن کے ذخائر کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق کویت میں واقع العدیری فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں سامان کے گودام، ہیلی کاپٹروں کے ذخیرہ مراکز اور امریکی فوجیوں کے اجتماع کے مقامات کو تباہ کر دیا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب نے اس کے ساتھ خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر اس کے کنٹرول میں ہے اور جو بھی تیل بردار جہاز یا تجارتی جہاز دشمن ممالک سے تعلق رکھتے ہوں گے انہیں گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔