اتوار، 22-مارچ،2026
اتوار 1447/10/03هـ (22-03-2026م)

پی ایس ایل میچز کراچی اور لاہور منتقل، اسٹیڈیم میں شائقین کا داخلہ ممنوع

22 مارچ, 2026 15:42

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے حوالے سے حتمی فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے انعقاد کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے مشاورت کا عمل جاری تھا اور اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لیگ اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق چھبیس مارچ سے ہی شروع ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں جاری توانائی کے بحران اور خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایونٹ میں چند بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں سب سے اہم فیصلہ افتتاحی تقریب کی منسوخی ہے۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کے تمام میچز شائقین کے بغیر بند اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، کیونکہ جب تک توانائی کا بحران برقرار ہے، اسٹیڈیم میں شائقین کو آنے کی اجازت دینا ممکن نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل سے قبل بڑا معاہدہ، سیالکوٹ اسٹالیئنز کے مالکانہ حقوق فروخت

محسن نقوی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اور دیگر حالات کی وجہ سے میچز صرف کراچی اور لاہور تک محدود کر دیئے گئے ہیں اور پشاور میں اس سال کوئی میچ نہیں ہو سکے گا، تاہم انہوں نے وعدہ کیا کہ اگلے سال پشاور کو ایک سے زیادہ میچز دیے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ تمام شائقین جو ٹکٹ خرید چکے ہیں انہیں ان کے پیسے مکمل طور پر واپس کر دیے جائیں گے جبکہ فرنچائز مالکان کو مالی نقصان سے بچانے کے لیے گیٹ منی کا تمام خرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ خود برداشت کرے گا۔

محسن نقوی نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ حالات جلد معمول پر آجائیں کیونکہ اس وقت یہ بتانا مشکل ہے کہ یہ غیر یقینی صورتحال اور جنگ کب تک چلے گی۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔