اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی؛ پاکستان کے سیکیورٹی خدشات کے باوجود بھارت کا وینیو تبدیل کرنے سے انکار، معاملہ عالمی توجہ کا مرکز

19 ستمبر, 2026 10:44

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی کے میچز نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا، تاہم ہاکی انڈیا نے پاکستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وینیو میں کسی تبدیلی کا امکان رد کردیا ہے۔

بھارتی جریدے انڈیا ٹوڈے کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کو بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کیا جائے یا پاکستان کے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر کرائے جائیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کے مطابق یہ درخواست دونوں ممالک کے درمیان موجود حساس صورتحال اور سیکیورٹی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ قومی کھلاڑیوں اور حکام کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جاسکے۔

دوسری جانب ہاکی انڈیا کے سیکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ وینیو تبدیل نہیں کیا جائے گا اور اگر پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنا چاہتا ہے تو اسے بھارت آنا ہوگا۔

بھولا ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ اگر پاکستان ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتا تو بنگلہ دیش یا عمان میں سے کسی ٹیم کو اس کی جگہ شامل کیا جاسکتا ہے۔

ایشین چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارت کے پنجاب میں شیڈول ہے، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بھی ٹورنامنٹ کے پروگرام میں شامل ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے تیار ہے اور بھارت سمیت تمام ٹیموں کے خلاف کھیلنے پر آمادہ ہے، تاہم موجودہ حالات میں اپنے میچز کے لیے نیوٹرل مقام چاہتی ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔