ٹیسٹ کرکٹ میں زوال کا سفر، انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کا تاریخی وائٹ واش، کیا یہ پاکستانی تاریخ کی بدترین ٹیم ہے؟

برمنگھم میں انگلینڈ کے ہاتھوں عبرت ناک وائٹ واش اور ناقص کارکردگی کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن، تکنیکی خامیوں اور سسٹم پر سنجیدہ سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کی آخری صبح چند لمحوں کے لیے ایسا محسوس ہوا کہ پاکستانی ٹیم کوئی معجزہ کر دکھائے گی۔
انگلینڈ کو جیت کے لیے ایک سو 30 رنز درکار تھے کہ محمد عباس نے اپنے پہلے ہی اوور میں دونوں خطرناک اوپنرز کو پویلین کی راہ دکھا دی اور اس کے بعد محمد علی کی گیند پر جو روٹ بھی آؤٹ ہو چکے تھے مگر وہ بدقسمتی سے نو بال نکلی، جو کہ اس سیریز میں ان کی سترویں نو بال تھی۔
اس کے بعد گرتے پڑتے انگلینڈ نے میچ دو وکٹوں کے نقصان پر جیت لیا اور اس طرح پاکستان کو تین صفر کی عبرت ناک شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
انگلینڈ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے وہاں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا تلخ تجربہ کیا ہے، جبکہ پاکستان پچھلے اکیس میں سے سولہ ٹیسٹ ہار چکا ہے جو کہ زوال کی بدترین مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دہشتگردی کی ہر شکل کا خاتمہ ناگزیر ہے، پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار
پاکستانی بلے بازوں کی تکنیک پر ہمیشہ سے سوالات اٹھتے رہے ہیں، خاص طور پر آف اسٹمپ کی لائن کو نہ سمجھنا، سر کا متوازن نہ ہونا اور پیروں کی حرکت کا صفر ہونا وہ بنیادی خامیاں ہیں، جو انگلش دورے میں کھل کر سامنے آئیں۔
صائم ایوب کا دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونا اور بلے بازوں کا ہارڈ ہینڈز سے کھیلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں میں ریڈ بال کرکٹ کی بنیادی فہم و فراست کی کمی ہے۔
تاہم اس سب کے باوجود آخری اننگز میں کپتان شان مسعود، اذان اویس اور بابراعظم نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار رنز بنائے اور ثابت کیا کہ اگر دباؤ سے نکل کر کھیلا جائے تو نتائج مختلف ہو سکتے ہیں۔
سلیکشن کے معاملے پر بھی میرٹ کو پامال کیا گیا، جہاں آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کو ٹیم میں رکھا گیا، وہیں نوجوان رضااللہ نے اپنے ڈیبیو پر ہی نویں نمبر پر آ کر نو شاندار چھکوں کی مدد سے اکیاسی رنز بنا کر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، مگر کرکٹ بورڈ کی ناقص حکمت عملی اور پینک فیصلے ٹیم کو اس نہج پر لے آئے ہیں۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












