بروقت فیصلوں کی بدولت ایندھن کی فراہمی میں تعطل نہیں آیا، وزیراعظم

وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں معاشی طور پر کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بروقت فیصلوں کی بدولت ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا۔
وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں خلیجی بحران کے باعث عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے اور پاکستان پر اس کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح کمزور اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس مشکل گھڑی میں معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ انہیں براہ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : اگلے ماہ سے یورپ کو ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہوگا، عالمی توانائی کمپنی
وزیراعظم نے سادگی مہم کا آغاز اپنی حکومت سے کرتے ہوئے ساٹھ فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری طور پر بند کرنے اور ترقیاتی بجٹ سمیت دیگر سرکاری اخراجات میں نمایاں کٹوتی کا حکم دیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو وزیراعظم نے بارہا مسترد کیا اور بچت کے اقدامات سے حاصل ہونے والی رقم کو عوامی فلاح کے لیے مختص کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اللہ کے فضل اور بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں ایندھن کی فراہمی کا تسلسل برقرار ہے اور کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا۔
اجلاس میں انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے سادگی مہم پر ایک آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کی تصدیق کی گئی۔
مزید برآں، اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اشرافیہ کے زیر استعمال ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافہ کیا گیا ہے، تاہم جیٹ فیول کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ریلیف کی شفاف منتقلی یقینی بنائی جائے گی جبکہ پاکستان علاقائی امن کے لیے سفارتی محاذ پر بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











