عالمی شپنگ کمپنیوں کا گوادر پورٹ پر اعتماد، چودہ ہزار میٹرک ٹن سے زائد کارگو پہنچ گیا

وفاقی وزیر برائے بحری نے گوادر پورٹ پر ایک نئے تجارتی جہاز کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندرگاہ پر عالمی کمپنیوں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہو گیا ہے۔
پاکستان کی معاشی شہ رگ کہلانے والی گوادر بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ گوادر پورٹ پر ایم وی ریوا گلوری نامی جہاز چودہ ہزار چھ سو انتیس میٹرک ٹن کارگو لے کر لنگر انداز ہو گیا ہے۔
وزیر بحری امور کا کہنا ہے کہ گوادر پورٹ پر بڑھتی ہوئی یہ سرگرمیاں اس کی جغرافیائی اور اسٹریٹجک اہمیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور اب عالمی شپنگ کمپنیوں نے پاکستان کی اس بندرگاہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار شروع کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی بندرگاہوں پر تجارتی سرگرمیوں کا تاریخی ریکارڈ، کراچی پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ میں غیر معمولی اضافہ
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت بندرگاہی نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سرمایہ کاروں اور شپنگ کمپنیوں کو گوادر پورٹ پر ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، کیونکہ یہ بندرگاہ اب خطے میں ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ تجارت کا ایک اہم مرکز بنتی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا عزم ہے کہ گوادر کو ایک عالمی معیار کے میرین گیٹ وے میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ ملک میں معاشی خوشحالی کی نئی راہ کھلے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












