اصلاحات اور پالیسی تسلسل کی عالمی سطح پر توثیق، فچ کی جانب سے پاکستان کی معاشی ریٹنگ برقرار

عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو بی نیگیٹو پر برقرار رکھتے ہوئے ملک کے معاشی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دے دیا ہے۔
پاکستانی معیشت کے حوالے سے عالمی سطح پر ایک مثبت خبر سامنے آئی ہے، جہاں معروف ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو برقرار رکھا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے اس پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فچ کی جانب سے آؤٹ لک کو مستحکم قرار دینا اس بات کی علامت ہے کہ پاکستانی معیشت اب اصلاحات اور استحکام کے راستے پر گامزن ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری سخت اصلاحات اور پائیدار ترقی کے اہداف نے ملکی معیشت کو مضبوط سہارا فراہم کیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی اداروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی بہترین خارجہ پالیسی کا بھارتی حلقوں میں اعتراف
خرم شہزاد نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے حالیہ منظوری کے بعد پاکستان کو جلد ہی 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط ملنے کی قوی توقع ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے معاشی اشاریوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود کو کم کر کے 10.5 فیصد تک لانا سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 3.1 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ مہنگائی کی شرح کو 7.9 فیصد تک محدود رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔
حکومتی ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تمام تر بیرونی چیلنجز اور عالمی معاشی دباؤ کے باوجود درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ استحکام، اصلاحات اور پائیدار ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











