آپ خود کو آن لائن بینکنگ فراڈ سے کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں؟ جانیے

How to stay safe from online banking fraud? Find out
ملک بھر میں حالیہ دنوں میں بینکنگ فراڈ اور آن لائن دھوکہ دہی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
مختلف شہروں سے ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں جہاں شہری اپنی جمع پونجی سے محروم ہو گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فراڈ کرنے والے گروہ اب جدید طریقے استعمال کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے عام لوگ آسانی سے ان کے جال میں پھنس جاتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جعل ساز افراد ڈپلیکیٹ سمیں حاصل کر کے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ وہ خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کر کے کال کرتے ہیں اور اعتماد جیتنے کے بعد حساس معلومات حاصل کر لیتے ہیں۔ بعض کیسز میں یہ فراڈ اس قدر حقیقت کے قریب ہوتا ہے کہ متاثرہ شخص کو شک بھی نہیں ہوتا۔
ایک متاثرہ خاتون نے بتایا کہ بیرون ملک سے واپسی پر انہیں بینک کی جانب سے لگنے والی کالز موصول ہوئیں۔ کال کرنے والوں کے پاس ان کی مکمل تفصیلات موجود تھیں۔ وہ خود کو بینک افسر ظاہر کر رہے تھے۔ خاتون نے ابتدا میں شک کیا، مگر مسلسل بات چیت کے دوران وہ الجھن کا شکار ہو گئیں۔ بعد میں معلوم ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ سے رقم نکالی جا چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کے فراڈ میں “سوشل انجینئرنگ” کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس میں دھوکے سے لوگوں سے معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ بعض واقعات میں تو بائیومیٹرک معلومات کے غلط استعمال کی بھی شکایات سامنے آئی ہیں، جو صورتحال کو مزید سنگین بناتی ہیں۔
بینکنگ حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آئے تو فوری طور پر بینک سے رابطہ کیا جائے۔ زیادہ تر بینکوں میں اینٹی فراڈ یونٹس قائم ہیں، جو شکایت موصول ہونے کے بعد تحقیقات کرتے ہیں اور ممکنہ طور پر 30 دن کے اندر رقم کی واپسی کا عمل شروع کرتے ہیں۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی صورت اپنا او ٹی پی، پاس ورڈ یا دیگر خفیہ معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ اگر کوئی مشکوک کال آئے تو فوراً کال بند کر کے خود بینک کے آفیشل نمبر پر رابطہ کریں۔ اس کے علاوہ بائیومیٹرک اور فیس آئی ڈی کا استعمال بھی صرف ضرورت کے مطابق کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید دور میں فراڈ کے طریقے تیزی سے بدل رہے ہیں، اس لیے عوام کو زیادہ محتاط رہنا ہوگا۔ تھوڑی سی لاپرواہی بھی بڑے مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










