ایران کو مذاکرات کرنا ہوں گے، ورنہ وہ انجام ہوگا، جو کبھی نہیں دیکھا، ٹرمپ کی پھر دھمکی

امریکی صدر نے خبردار کیا ہے کہ تہران کو یا تو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا یا پھر ایسے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جو اس سے قبل کبھی نہیں دیکھے گئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جارحانہ لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ ایران مذاکرات کے لیے آمادہ ہو جائے گا، تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو اسے ایسی مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا، جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔
ایک قدامت پسند ریڈیو پروگرام ’دی جان فریڈرکس شو‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی حکام کو مذاکرات کرنا ہوں گے، اور اگر انہوں نے انکار کیا تو وہ ایسے نتائج بھگتیں گے، جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھے ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران ایک منصفانہ معاہدہ کرے گا، جس کے نتیجے میں وہ اپنے ملک کی دوبارہ تعمیر کر سکے گا، لیکن انہوں نے یہ شرط بھی عائد کی کہ کسی بھی معاہدے کی صورت میں ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ امریکہ کو کسی تباہ کن ڈیل میں نہیں جھونکیں گے، وائٹ ہاؤس
صدر کا کہنا تھا کہ ہم ایران کو ایٹمی ہتھیاروں تک رسائی یا انہیں بنانے کا کوئی موقع نہیں دے سکتے کیونکہ یہ دنیا کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے اور ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف حالیہ اقدامات کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں تھا۔
دریں اثنا، صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ پر امریکی نشریاتی ادارے سی این این اور دیگر میڈیا اداروں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی بمباری کی کوریج کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن مڈ نائٹ ہیمر کے ذریعے ایران میں ایٹمی ذرات کے مقامات کو مکمل طور پر نیست و نابود کر دیا گیا ہے، جس کی بحالی ایک طویل اور مشکل عمل ہوگا۔
انہوں نے امریکی پائلٹس کی مہارت کی تعریف کرنے کے بجائے انہیں کم تر دکھانے پر میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ وہ ایران کے خلاف جنگ میں بڑے مارجن سے جیت رہے ہیں لیکن امریکی اخبارات نیویارک ٹائمز، وال اسٹریٹ جنرل اور واشنگٹن پوسٹ اسے شکست کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












