بدھ، 22-اپریل،2026
بدھ 1447/11/05هـ (22-04-2026م)

عیدالاضحیٰ سے قبل کانگو وائرس کا پہلا مشتبہ کیس سامنے آگیا

22 اپریل, 2026 12:32

کراچی: عیدالاضحیٰ سے قبل سندھ میں کانگو وائرس کا پہلا مشتبہ کیس سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ نوجوان کو شدید بخار اور جسم سے خون بہنے کی علامات کے باعث کراچی منتقل کیا گیا ہے، جہاں اسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

ذرائع کے مطابق نوجوان کو پہلے مقامی اسپتال لایا گیا تھا، تاہم حالت تشویشناک ہونے پر اسے انفیکشیس ڈیزیز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مریض میں کانگو وائرس جیسی علامات پائی گئی ہیں، جس کے بعد تشخیص کے لیے خون کے نمونے نجی اسپتال کی لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق متاثرہ نوجوان مویشیوں کی دیکھ بھال کا کام کرتا ہے، جس کی وجہ سے وائرس کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق کانگو وائرس چیچڑ کے ذریعے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، خاص طور پر قربانی کے جانوروں کے قریب رہنے والے افراد زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں۔

طبی ماہرین نے عیدالاضحیٰ سے قبل شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جانوروں کی دیکھ بھال کرتے وقت دستانے پہننے، صفائی کا خاص خیال رکھنے اور بخار یا خون بہنے جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اگر مریض کے ٹیسٹ مثبت آتے ہیں تو یہ سندھ میں رواں سال کانگو وائرس کا پہلا باقاعدہ کیس ہوگا۔

محکمہ صحت نے بھی اسپتالوں کو الرٹ رہنے اور مشتبہ مریضوں کی فوری رپورٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔