جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

درمیانی عمر میں 3 چیزوں کا خیال رکھنا ڈیمینشیا کا خطرہ کم کرسکتا ہے

13 اگست, 2026 14:40

بڑھتی عمر کے ساتھ ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، تاہم نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ درمیانی عمر میں صحت سے متعلق چند اہم عوامل پر قابو پا کر اس بیماری کے آغاز کو کئی سال تک مؤخر کیا جا سکتا ہے۔

امریکا کی نیویارک یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق میں ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور تمباکو نوشی کو ڈیمینشیا کے خطرے سے جڑے تین اہم عوامل کے طور پر دیکھا گیا۔

محققین نے 12 ہزار سے زائد ایسے افراد کے طبی ڈیٹا کا جائزہ لیا جو 55 سال کی عمر میں ڈیمینشیا سے محفوظ تھے۔ ان افراد کی صحت پر اوسطاً 26 سال تک نظر رکھی گئی۔

فالو اَپ کے دوران 3 ہزار سے زیادہ افراد ڈیمینشیا کا شکار ہوئے، جبکہ تقریباً 5200 افراد بیماری کے بغیر ہی انتقال کر گئے۔

تحقیق کے نتائج میں سامنے آیا کہ جن افراد میں ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور تمباکو نوشی میں سے کوئی بھی خطرے کا عنصر موجود نہیں تھا، ان میں ڈیمینشیا کی تشخیص دیگر افراد کے مقابلے میں نمایاں طور پر دیر سے ہوئی۔

جن افراد میں ان تینوں میں سے صرف ایک عنصر موجود تھا، وہ اوسطاً 26.3 سال تک ڈیمینشیا سے محفوظ رہے۔ دو خطرے کے عوامل رکھنے والے افراد میں بیماری کی تشخیص تقریباً 21 سال بعد ہوئی، جبکہ تینوں عوامل کا سامنا کرنے والے افراد میں ڈیمینشیا تقریباً 17 سال کے اندر سامنے آیا۔

محققین کے مطابق درمیانی عمر، خصوصاً 45 سے 65 سال کے دوران، بلڈ پریشر اور ذیابیطس کو قابو میں رکھنا اور تمباکو نوشی سے گریز کرنا مستقبل میں دماغی صحت کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی مشاہدہ کیا گیا کہ خواتین، خطرے کے عوامل کی موجودگی کے باوجود، مردوں کے مقابلے میں زیادہ عرصے تک ڈیمینشیا سے محفوظ رہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تحقیق کے نتائج اس بات کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں کہ دماغی صحت کے تحفظ کے لیے اقدامات صرف بڑھاپے میں نہیں بلکہ درمیانی عمر ہی سے شروع کر دینے چاہییں۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔