جمعرات، 23-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/06هـ (23-04-2026م)

کراچی میں ایم پاکس کا ایک اور کیس رپورٹ، سندھ میں کیسز کی تعداد 27 تک پہنچ گئی

23 اپریل, 2026 10:50

کراچی میں ایم پاکس وائرس تیزی سے سرایت کرنے لگا ہے، جہاں رواں سال کا چھٹا اور صوبے کا مجموعی طور پر ستائیسواں کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد محکمہ صحت نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

کراچی میں ایم پاکس وائرس کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور شہر سے رواں سال کا چھٹا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

جناح اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق اسٹار گیٹ کے رہائشی 28 سالہ نوجوان میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ نوجوان گزشتہ سات روز سے بخار میں مبتلا تھا، دو روز قبل اس کے جسم پر ریشز نمودار ہونا شروع ہوئے تھے۔

ڈاکٹروں کے مطابق مریض کے بازوؤں، ہاتھوں، پیروں اور پیٹ پر دانے موجود ہیں، جس کے بعد اسے فوری طور پر سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں ٹریفک اور جرائم کی نگرانی کیلئے جدید فیس لیس مانیٹرنگ سسٹم کا افتتاح

محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں اب تک ایم پاکس کے 27 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن میں سے 9 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ 18 کیسز خیرپور سے رپورٹ ہوئے، جبکہ کراچی سے 6 اور سکھر سے 3 کیسز سامنے آئے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایم پاکس ایک خطرناک وائرل انفیکشن ہے، جو متاثرہ شخص کے ساتھ قریبی رابطے سے پھیلتا ہے۔

خاص طور پر بچے، بزرگ اور وہ افراد جن کا مدافعتی نظام کمزور ہے، اس وائرس کا شکار ہونے کے زیادہ امکانات رکھتے ہیں۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متاثرہ افراد سے فاصلہ رکھیں، ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی قسم کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی معالج یا اسپتال سے رجوع کریں تاکہ اس وباء کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔