پیر، 27-اپریل،2026
پیر 1447/11/10هـ (27-04-2026م)

پاکستان میں اس وقت کن آئی فونز پر 5 جی فعال ہوا ہے اور کیسے؟ اہم خبر آگئی

27 اپریل, 2026 14:32

پاکستان میں فائیو جی سروس کے آغاز کے بعد صارفین میں بڑی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔ تاہم ابتدائی مرحلے میں کچھ تکنیکی مسائل بھی سامنے آئے ہیں جن کی وجہ سے ہر ڈیوائس پر یہ سروس دستیاب نہیں تھی۔

19 مارچ کو پاکستان میں فائیو جی سروس کا آغاز کیا گیا۔ ابتدائی طور پر زونگ نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے مخصوص علاقوں میں یہ سہولت فراہم کی۔

ابتدائی دنوں میں چینی برانڈز جیسے شیاؤمی اور ویوو کے کچھ ماڈلز پر فائیو جی فعال ہو گیا تھا۔ لیکن ایپل اور سام سنگ کے کئی جدید ماڈلز پر یہ آپشن ظاہر نہیں ہو رہا تھا۔

ماہرین کے مطابق اس کی وجہ فون کا ہارڈویئر نہیں تھا بلکہ سافٹ ویئر کی ایک تکنیکی شرط تھی جسے “نیٹ ورک منظوری” کہا جاتا ہے۔

پاکستان میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نیٹ ورکس کو فائیو جی کی اجازت دیتی ہے۔ لیکن موبائل کمپنیوں کو بھی اپنے سسٹم میں پاکستان کے نیٹ ورکس شامل کرنا پڑتے ہیں۔

جب تک یہ اپڈیٹ نہ ہو، فون میں فائیو جی کا آپشن فعال نہیں ہوتا اور ڈیوائس صرف فور جی یا ایل ٹی ای پر کام کرتی ہے۔

حالیہ دنوں میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایپل کی جانب سے iOS 26.5 Beta اپڈیٹ جاری کی گئی ہے۔

اس اپڈیٹ کے بعد پاکستان میں کچھ آئی فون صارفین نے رپورٹ کیا ہے کہ ان کے فون پر فائیو جی سگنل ظاہر ہونا شروع ہو گیا ہے، خاص طور پر زونگ نیٹ ورک پر۔

ماہرین کے مطابق اس کا مطلب یہ ہے کہ ایپل نے پاکستان کے نیٹ ورکس کو اپنے سافٹ ویئر میں شامل کرنا شروع کر دیا ہے۔

ابتدائی طور پر فائیو جی سروس بڑے شہروں کے مخصوص علاقوں میں دستیاب ہے۔ ان میں اسلام آباد کا ریڈ زون اور بلیو ایریا، کراچی اور لاہور کے چند علاقے شامل ہیں۔

آئی فون صارفین جو فائیو جی استعمال کرنا چاہتے ہیں وہ ایپل کے بیٹا پروگرام میں شامل ہو کر iOS اپڈیٹ انسٹال کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد سیٹنگز میں جا کر فائیو جی ایکٹیویٹ کیا جا سکتا ہے۔

تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بیٹا ورژن میں تکنیکی مسائل، بیٹری ڈرین اور ایپس کریش ہونے جیسے مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔ اس لیے اسے احتیاط کے ساتھ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

توقع ہے کہ iOS 26.5 کا مکمل ورژن جلد جاری ہو جائے گا، جس کے بعد پاکستان میں آئی فون صارفین کو بغیر کسی اضافی مرحلے کے فائیو جی سروس دستیاب ہو جائے گی۔

آئی فون 12 سے لے کر آئی فون 17 سیریز تک کے ماڈلز میں فائیو جی سپورٹ موجود ہے، جس سے صارفین اس نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔