بدھ، 29-اپریل،2026
بدھ 1447/11/12هـ (29-04-2026م)

معاشی ناکہ بندی کے باعث ایران جلد ہی تیل کی پیداوار کم کرنے پر مجبور ہو جائے گا، امریکی محکمہ خزانہ

29 اپریل, 2026 09:28

امریکی وزیر نے ایران کے خلاف نئی مہم کا آغاز کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سخت ناکہ بندی کے باعث تہران جلد ہی تیل کی پیداوار کم کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔

امریکی محکمہ خزانہ کے سربراہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف جاری معاشی جنگ میں شدت لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے گرد مالیاتی گھیرا اس حد تک تنگ کر دیا گیا ہے کہ اب اس کے پاس تیل کی پیداوار میں کمی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے انکشاف کیا کہ محکمہ خزانہ نے ’اکنامک فیوری‘ یعنی معاشی غیظ و غضب نامی پروگرام کے تحت ایران کے بین الاقوامی شیڈو بینکنگ ڈھانچے، کرپٹو کرنسی تک رسائی اور ہتھیاروں کی خریداری کے نیٹ ورکس کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اور لبنان کے خلاف جنگ میں یمن غیر جانبدار نہیں رہے گا، حوثیوں کا بڑا اعلان

ان کا دعویٰ ہے کہ ان اقدامات کے ذریعے ان آزاد چینی ریفائنریوں کو بھی ضرب لگائی گئی ہے، جو ایران کے تیل کی تجارت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔

امریکی وزیر خزانہ کے مطابق ان پابندیوں نے ایران کی اربوں ڈالر کی آمدنی کو روک دیا ہے، جس کے نتیجے میں تہران میں افراط زر کی شرح دوگنی ہو گئی ہے اور ایرانی کرنسی کی قدر میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی اور زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی مہم نے ایران کی تیل کی برآمدات کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

اس وقت ایران کا سب سے بڑا آئل ایکسپورٹ ٹرمینل ’جزیرہ خارک‘ اپنی ذخیرہ کرنے کی انتہائی گنجائش کے قریب پہنچ چکا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ایران کے پاس اب مزید تیل ذخیرہ کرنے کی جگہ نہیں رہی اور اسے اپنی پیداوار روکنی یا کم کرنی پڑے گی۔

اس صورتحال سے ایران کو یومیہ تقریباً سترہ کروڑ ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے اور اس کے تیل کے بنیادی ڈھانچے کو مستقل نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جو ایرانی معیشت کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوگا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔