پاکستان کی افریقی منڈیوں میں بڑی کامیابی، برآمدات میں 32 فیصد کا ریکارڈ اضافہ

پاکستان نے افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے، جہاں کینیا اور ایتھوپیا جیسی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پاکستان کے عالمی تجارتی روابط میں توسیع کی حکمت عملی رنگ لانے لگی ہے، جس کے نتیجے میں افریقی ممالک، خاص طور پر کینیا اور ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی تعلقات میں نمایاں استحکام پیدا ہوا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے پہلے نو ماہ یعنی جولائی تا مارچ کے دوران کینیا کو کی جانے والی برآمدات میں 32 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان کی مجموعی برآمدات کینیا کے لیے 251 اعشاریہ 6 ملین ڈالر سے بڑھ کر 319 اعشاریہ 9 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ اس اضافے میں چاول، ٹیکسٹائل، ادویات، معلوماتی ٹیکنالوجی کی خدمات اور قابل تجدید توانائی کی مصنوعات نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یورپی یونین پاکستانی برآمدات کیلئے ایک اہم اور مفید منڈی ہے، وزیر خزانہ
تجارتی ترقی کے ادارے (ٹی ڈی اے پی) کے سابق سربراہ محمد زبیر موتی والا نے اس پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افریقی منڈیاں پاکستانی مصنوعات کے لیے انتہائی سازگار ہیں، خاص طور پر دوا سازی، پلاسٹک اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی ادویات کی عالمی سطح پر منظوری کے لیے حکومت کو مؤثر لابنگ کرنی چاہیے تاکہ ہماری فارما انڈسٹری بڑے پیمانے پر زر مبادلہ کما سکے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون، مشترکہ سرمایہ کاری اور صنعتی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کو اب میڈ ان پاکستان کو ایک عالمی برانڈ بنانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ عالمی منڈیوں تک ہماری رسائی مستقل اور مستحکم بنیادوں پر ہو سکے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











