جمعرات، 30-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/13هـ (30-04-2026م)

ڈبلیو ایچ او پری کوالیفائیڈ لیب فعال، پاکستانی ادویات کی عالمی برآمدات کا راستہ کھل گیا

30 اپریل, 2026 15:14

مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ پہلی پری کوالیفائیڈ لیب فعال ہو گئی ہے، جس سے ادویات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے شعبہ صحت میں ایک بڑے سنگ میل کے حصول کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں عالمی ادارہ صحت یعنی ڈبلیو ایچ او سے پری کوالیفائیڈ لیبارٹری نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس لیبارٹری کے قیام سے پاکستانی ادویات سازی کی صنعت کو عالمی منڈیوں تک رسائی ملے گی اور ملکی ادویات کی ایکسپورٹ میں نمایاں اضافہ ہوگا، جو ملکی معیشت کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ کے باعث گندھک کی شدید قلت، دنیا بھر میں کھاد اور ادویات کی قیمتیں بڑھ گئیں

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ نجی شعبے اور صنعت کاروں کو سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اس لیب کا قیام پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں ایک نئی روح پھونکے گا اور عالمی سطح پر ہماری ادویات کے معیار پر اعتماد بڑھے گا۔

انہوں نے حکومت کے مستقبل کے اہداف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارا اگلا ہدف ڈبلیو ایچ او کا میچورٹی لیول تھری حاصل کرنا ہے، جس کے بعد پاکستان کی طبی ساکھ مزید مستحکم ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شعبہ صحت میں اصلاحات کے ذریعے عوام کو سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔