جمعرات، 7-مئی،2026
جمعرات 1447/11/20هـ (07-05-2026م)

بھارتی ریاست منی پور میں آزادی کی تحریکیں زور پکڑ گئیں، کرفیو نافذ، انٹرنیٹ سروس معطل

07 مئی, 2026 10:44

قابض بھارتی فورسز کے بڑھتے ہوئے مظالم کے نتیجے میں بھارت کی ریاست منی پور میں آزادی کی تحریکوں نے شدت اختیار کر لی ہے، جس سے پوری ریاست خانہ جنگی کی لپیٹ میں آ چکی ہے۔

بھارت کی ریاست منی پور میں مودی حکومت کی سفاکیت اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، جہاں نہتے عوام بدترین تشدد اور جابرانہ کارروائیوں کا شکار ہیں۔

قابض بھارتی فورسز کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کے ردعمل میں مقبوضہ منی پور میں آزادی کی تحریکوں نے ایک بار پھر سر اٹھایا ہے اور اب یہ تحریکیں پہلے سے کہیں زیادہ زور پکڑ چکی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اپریل اور مئی کے دوران بھارتی فورسز اور مقامی مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں نے ریاست میں حالات کو انتہائی کشیدہ بنا دیا ہے۔

7 اپریل کو ریاست میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے، جنہیں دبانے کے لیے بھارتی فورسز نے اخلاقیات کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے نہتے شہریوں پر سیدھی فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں آٹھ سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت اسرائیل کے نقش قدم پر، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ تیز

اس واقعے نے عوامی غصے کو مزید ہوا دی اور 8 اپریل کو یہ احتجاج پرتشدد جلاؤ گھیراؤ کی شکل اختیار کر گیا، جس سے سرکاری و نجی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

صورتحال پر قابو پانے میں ناکامی کے بعد مودی حکومت نے منی پور میں ایک بار پھر کرفیو نافذ کر دیا ہے اور دنیا سے حقائق چھپانے کے لیے انٹرنیٹ سروس بھی مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

بھارتی قابض فورسز نے آزادی کی بڑھتی ہوئی تحریکوں کو کچلنے کے لیے منی پور کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز شروع کر رکھے ہیں، جن میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کی جا رہی ہیں۔

ان فوجی آپریشنز اور ریاست میں جاری خانہ جنگی جیسی سنگین صورتحال کے باعث اب تک 60 ہزار سے زائد افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر بے گھر ہو چکے ہیں اور کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

عوامی مزاحمت اور مسلسل کرفیو کی وجہ سے ریاست میں معاشی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو چکی ہیں، جبکہ تعلیمی ادارے بند اور ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہے۔

ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ منی پور کے بے گناہ عوام مودی حکومت کی فاشسٹ پالیسیوں اور غاصب فوج کی سنگین سفاکیت کا نشانہ بن رہے ہیں۔

ہزاروں افراد کا جبری طور پر گھروں سے بے دخل ہونا اور انسانی جانوں کا ضیاع اس بات کی واضح عکاسی ہے کہ منی پور ایک بدترین انسانی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، جس پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔