جمعرات، 7-مئی،2026
جمعرات 1447/11/20هـ (07-05-2026م)

شدید گرمی سے فوراً اے سی میں جانا کتنا خطرناک ہے؟ ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجادی

07 مئی, 2026 11:11

شدید گرمی میں باہر سے واپس آکر فوراً ٹھنڈے اے سی والے کمرے میں داخل ہونا وقتی سکون تو دیتا ہے، لیکن طبی ماہرین کے مطابق یہ عادت انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ انسانی جسم درجہ حرارت کو متوازن رکھنے کے لیے مسلسل کام کرتا ہے۔ شدید گرمی میں جسم پسینے اور خون کی نالیوں کے پھیلاؤ کے ذریعے خود کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کرتا ہے، تاہم اچانک ٹھنڈے ماحول میں جانے سے جسمانی نظام پر فوری دباؤ پڑتا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق اس اچانک تبدیلی کو “حرارتی جھٹکا” کہا جاتا ہے، جس کے باعث سر درد، گلے کی خراش، کھانسی، سانس لینے میں دشواری اور جسمانی کمزوری جیسی علامات سامنے آ سکتی ہیں۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شدید دھوپ یا گرمی سے واپس آنے کے بعد فوری طور پر اے سی والے کمرے میں جانے کے بجائے چند منٹ کسی معتدل یا سایہ دار جگہ پر گزارنے چاہییں تاکہ جسم آہستہ آہستہ درجہ حرارت کی تبدیلی کو برداشت کر سکے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں جسم میں پانی کی کمی بھی عام ہو جاتی ہے، جس کے باعث اچانک ٹھنڈک کا اثر مزید شدید محسوس ہو سکتا ہے۔ اسی لیے زیادہ پانی پینا اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھنا بے حد ضروری ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق اے سی کے مسلسل استعمال سے پیدا ہونے والی خشک فضا گلے کی خشکی، کھانسی اور جلن کا باعث بھی بن سکتی ہے، خاص طور پر جب ٹھنڈی ہوا براہ راست جسم پر پڑ رہی ہو۔

ماہرین نے کہا ہے کہ گرمی اور ٹھنڈک کے درمیان متوازن رویہ اپنانا ہی بہتر صحت کی ضمانت ہے۔ مناسب درجہ حرارت، تھوڑا انتظار، پانی کا زیادہ استعمال اور براہ راست سرد ہوا سے بچاؤ مختلف طبی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔