قطر سے سستی گیس کی فراہمی کے اشارے، پاکستان نے عالمی کمپنیوں کی بولیاں مسترد کر دیں

حکومت نے عالمی منڈی سے مہنگی گیس کی خریداری کے ٹینڈرز منسوخ کرتے ہوئے قطر سے رعایتی نرخوں پر گیس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان میں توانائی کے شدید بحران اور گیس کی قلت کے تناظر میں ایک بڑی سفارتی اور معاشی کامیابی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو برادر ملک قطر سے سستی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی فراہمی کے لیے مثبت اشارے موصول ہوئے ہیں۔
ان مثبت اشاروں کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر ملنے والی سب سے کم نرخوں کی بولیاں بھی مسترد کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے باقاعدہ طور پر برٹش پٹرولیم سنگاپور اور ٹوٹل انرجی گیس اینڈ پاور لمیٹڈ کو آگاہ کر دیا ہے کہ ان کی جانب سے دی گئی پیشکشیں قبول نہیں کی جا رہیں۔ یہ فیصلہ ملکی مفاد میں کیا گیا ہے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : نصیر آباد میں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا، صحبت پور کو گیس کی فراہمی معطل
ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر پاکستان کو ایل این جی کے دو بڑے کارگو فراہم کرنے کے لیے تیار ہو گیا ہے۔ یہ کارگوز پاکستان کو طویل مدتی معاہدے (ٹرم کنٹریکٹ) کی شرح پر حاصل ہوں گے، جو اسپاٹ خریداری کے مقابلے میں نمایاں طور پر سستے پڑیں گے۔
اس انتظام کے تحت گیس کی قیمت برینٹ خام تیل کی قیمتوں کے 13.37 فیصد کے برابر ہوگی، جو موجودہ حالات میں ایک انتہائی موزوں ترین شرح سمجھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں گیس کے سنگین بحران کے باعث حکومت نے اپریل میں ہنگامی طور پر ایل این جی کی اسپاٹ خریداری کے لیے عالمی ٹینڈر جاری کیا تھا، جس کے لیے کمپنیوں کو سات مئی تک بولیاں جمع کرانے کی مہلت دی گئی تھی۔
اب قطر سے سستی گیس کی یقین دہانی کے بعد یہ دونوں کارگوز آبنائے ہرمز کے راستے پاکستان لائے جائیں گے، جس سے ملک میں گیس کی طلب اور رسد کے فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










