ہفتہ، 9-مئی،2026
ہفتہ 1447/11/22هـ (09-05-2026م)

کئی برس پہلے فالج جیسے مرض کا عندیہ دینے والی 3 عام ترین نشانیاں سامنے آگئیں

09 مئی, 2026 11:35

فالج ایک خطرناک بیماری ہے جس میں دماغ کو خون کی فراہمی متاثر ہو جاتی ہے۔ اگر فوری علاج نہ کیا جائے تو مریض کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے ماہرین صحت اس بیماری کی ابتدائی علامات اور خطرے کے عوامل پر نظر رکھنے پر زور دیتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق فالج کی دو بڑی اقسام ہیں۔ پہلی قسم برین ہیمرج ہے جس میں دماغ کی خون کی نالی پھٹ جاتی ہے۔ دوسری قسم میں خون کی نالی بند ہو جاتی ہے جس کے باعث دماغ کو آکسیجن نہیں ملتی اور خلیات کو نقصان پہنچتا ہے۔

فالج کا خطرہ ہر شخص کو ہو سکتا ہے لیکن کچھ عوامل اس خطرے کو بڑھا دیتے ہیں۔ عمر بڑھنے کے ساتھ یہ خطرہ زیادہ ہو جاتا ہے۔ خاص طور پر 55 سال کے بعد ہر 10 سال میں فالج کے امکانات دوگنے ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا اور کولیسٹرول کی زیادتی بھی اہم خطرناک عوامل ہیں۔

چین کی Zhejiang University School of Medicine کی ایک نئی تحقیق میں ایسے جسمانی اشاروں کی نشاندہی کی گئی ہے جو فالج کے خطرے کی پہلے سے خبر دے سکتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پٹھوں کی کمزوری، ہاتھوں کی گرفت کا کمزور ہونا اور چلنے کی رفتار میں سستی فالج کے بڑھتے ہوئے خطرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

تحقیق کے مطابق جن افراد میں پٹھوں کی طاقت کم ہو جاتی ہے، ان میں فالج کا خطرہ تقریباً 30 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔ اسی طرح کمزور گرفت سے خطرہ 7 فیصد تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ سست چلنے کی رفتار فالج کے خطرے میں 64 فیصد تک اضافہ کر سکتی ہے۔

یہ تحقیق 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا پر کی گئی، جنہیں ابتدا میں فالج نہیں تھا اور کئی سال تک ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جسمانی کمزوری اور فالج کے خطرے کے درمیان واضح تعلق موجود ہے۔

ماہرین کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ پٹھے کمزور ہونا ایک قدرتی عمل ہے، لیکن اگر یہ تبدیلی تیزی سے ہو تو یہ خطرے کی علامت ہو سکتی ہے۔ اس کا مطلب جسم میں کمزوری، سوزش اور میٹابولزم میں تبدیلیاں ہو سکتی ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ چلنے کی رفتار میں کمی فالج کے خطرے کی سب سے واضح اور مضبوط علامت ہے کیونکہ یہ مجموعی جسمانی صحت میں خرابی کی نشاندہی کرتی ہے۔

فالج کی عام علامات میں جسم کے ایک حصے کا سن ہو جانا، بولنے میں مشکل، چہرے کا ایک طرف جھک جانا، بینائی میں تبدیلی، شدید چکر اور ذہنی الجھن شامل ہیں۔ بعض صورتوں میں مریض اچانک گر بھی سکتا ہے یا حرکت کرنے سے قاصر ہو جاتا ہے۔

خواتین میں فالج کی علامات کچھ مختلف ہو سکتی ہیں، جیسے شدید سر درد، ذہنی الجھن، بے ہوشی یا شعور کا کھو جانا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان علامات کو نظر انداز کرنا خطرناک ہو سکتا ہے اور فوری طبی مدد ضروری ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔