ہفتہ، 9-مئی،2026
ہفتہ 1447/11/22هـ (09-05-2026م)

عمر بڑھنے کے باوجود جوان رہنا چاہتے ہیں؟ تو یہ ایک عادت آج ہی اپنالیں

09 مئی, 2026 12:25

عمر بڑھنا ایک قدرتی عمل ہے جسے روکنا کسی انسان کے بس میں نہیں۔ وقت کے ساتھ جسم میں بڑھاپے کی علامات آنا شروع ہو جاتی ہیں۔ جلد کی لچک کم ہونا، توانائی میں کمی اور جسمانی کمزوری اس کا حصہ ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق کچھ عادات ایسی ہیں جو بڑھاپے کی رفتار کو سست کر سکتی ہیں۔

ایک تازہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سفر اور سیاحت کو معمول بنانے سے جسم اور ذہن دونوں پر مثبت اثر پڑتا ہے۔ آسٹریلیا کی Edith Cowan University کی تحقیق کے مطابق سفر انسان کی ذہنی صحت کو بہتر بناتا ہے اور جسمانی توازن برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سیاحت سے بڑھاپے کو مکمل طور پر روکا نہیں جا سکتا، لیکن اس کی رفتار کو کم ضرور کیا جا سکتا ہے۔ سفر کے دوران روزمرہ کی مصروف زندگی سے وقفہ ملتا ہے، جس سے جسم کو ری سیٹ ہونے کا موقع ملتا ہے۔ اس عمل سے جسمانی مرمت کے قدرتی نظام بہتر طریقے سے کام کرتے ہیں۔

محققین کے مطابق سفر صرف تفریح نہیں بلکہ صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ اس سے انسان کا ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے اور سماجی میل جول بڑھتا ہے، جو جذباتی صحت کو بہتر بناتا ہے۔

یہ تحقیق جرنل آف ٹریول ریسرچ میں شائع ہوئی ہے۔ اس میں یہ بھی بتایا گیا کہ طرز زندگی کی اچھی عادات بڑھاپے کی رفتار کو سست کر سکتی ہیں۔

اس سے قبل امریکا کی Columbia University کی تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ صحت مند عادات اپنانے سے جسمانی عمر کی رفتار کم ہو سکتی ہے۔ ان عادات میں وزن، بلڈ شوگر، کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنا شامل ہے۔

اس کے علاوہ اچھی نیند، متوازن غذا، جسمانی سرگرمیاں اور تمباکو نوشی سے پرہیز بھی جسم کو جوان رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ جن افراد کی دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، وہ حیاتیاتی طور پر زیادہ جوان محسوس ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق انسان کی اصل عمر اس کی پیدائش سے نہیں بلکہ جسمانی حالت سے بھی جانی جاتی ہے، جسے حیاتیاتی عمر کہا جاتا ہے۔ یہ عمر طرز زندگی اور جینیاتی عوامل سے متاثر ہوتی ہے۔

نتائج سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ صحت مند عادات اور فعال طرز زندگی نہ صرف عمر بڑھنے کے اثرات کو کم کرتے ہیں بلکہ لمبی اور بہتر زندگی میں بھی مدد دیتے ہیں۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔