بیشتر افراد کی پسندیدہ وہ غذا جو امراض قلب اور قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھا دیتی ہے

Favorite food health risk
ایک نئی طبی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ روزانہ زیادہ مقدار میں الٹرا پروسیسڈ (Ultra-Processed) غذائیں کھانے کی عادت دل کی بیماریوں اور قبل از وقت موت کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔
الٹرا پروسیسڈ غذائیں وہ ہوتی ہیں جو کئی مراحل سے گزر کر تیار کی جاتی ہیں۔ ان میں نمک، چینی اور مصنوعی اجزا کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ فائبر اور غذائیت بہت کم ہوتی ہے۔ اس میں فاسٹ فوڈ، برگر، پیزا، میٹھے مشروبات، سافٹ ڈرنکس، بیکری آئٹمز، کیک، نوڈلز اور چکن نگیٹس جیسے کھانے شامل ہیں۔
تحقیق کے مطابق ایسی غذائیں دل کی بیماری، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور گردوں کے مسائل جیسے خطرناک امراض سے جڑی ہوئی ہیں۔ جو لوگ ان غذاؤں کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان میں دل کی بیماری کا خطرہ تقریباً 19 فیصد بڑھ جاتا ہے۔ دل کی دھڑکن بے ترتیب ہونے کا خطرہ 13 فیصد اور دل کی بیماری سے موت کا امکان 65 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ یہ غذائیں موٹاپا، ٹائپ 2 ذیابیطس اور خون میں نقصان دہ چکنائی بڑھانے کا سبب بھی بنتی ہیں۔ ماہرین نے عوام میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ لوگ صحت مند خوراک کی طرف آئیں۔
اس سے پہلے برازیل کی یونیورسٹی آف ساؤ پاؤلو کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ الٹرا پروسیسڈ غذاؤں کا زیادہ استعمال کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کے خطرے کو بڑھاتا ہے۔ ہر 10 فیصد زیادہ استعمال سے موت کا خطرہ تقریباً 3 فیصد بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں 8 ممالک کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ امریکہ میں ان غذاؤں کا استعمال سب سے زیادہ ہے۔ وہاں ان خوراکوں سے قبل از وقت موت کا خطرہ تقریباً 14 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
مزید ایک آسٹریلوی تحقیق (موناش یونیورسٹی) میں بتایا گیا کہ یہ غذائیں جسمانی بڑھاپے کے عمل کو بھی تیز کرتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر روزانہ کی کیلوریز کا بڑا حصہ ایسی خوراک سے لیا جائے تو جسمانی عمر اور اصل عمر میں فرق بڑھ جاتا ہے۔ اس سے مختلف بیماریوں اور کمزوری کا خطرہ بھی زیادہ ہو جاتا ہے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












