ترکیہ کی نئی بحری حکمت عملی اسرائیل کیلئے بڑا چیلنج بن گئی

انقرہ کی جانب سے سمندری حدود میں اپنے اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے وضع کردہ بلیو ہوم لینڈ یعنی نیلا وطن نظریے نے خطے کی سیاست اور بالخصوص اسرائیل کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
ترکیہ نے خطے میں اپنے جغرافیائی اور سفارتی اثر و رسوخ کو وسعت دینے کے لیے ایک انتہائی اہم اور جارحانہ سمندری حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے، جسے بلیو ہوم لینڈ یا نیلا وطن کا نام دیا گیا ہے۔
اسرائیلی ٹیلی ویژن کے چینل 13 کی ایک خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انقرہ حکومت ایک ایسے اسٹریٹجک بحری بلاک کی بنیاد رکھ رہی ہے، جو یونان کی سرحدوں سے شروع ہو کر براہ راست یمن تک پھیلا ہوا ہے۔
اس نظریے کے تحت ترکیہ بحیرہ اسود، بحیرہ ایجیئن اور مشرقی بحیرہ روم کے وسیع سمندری علاقوں پر اپنی خودمختاری اور مکمل کنٹرول قائم کرنا چاہتا ہے۔
اس حکمت عملی کا ایک بڑا اور بنیادی مقصد توانائی کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے، جس کے تحت مشرقی بحیرہ روم میں موجود گیس اور تیل کے وسیع ذخائر تک رسائی حاصل کی جائے گی تاکہ ترکیہ کی بیرونی توانائی پر انحصار کو ختم کیا جا سکے اور ان وسائل پر اپنا حق جتایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ترکیہ کا تزویراتی کھیل اور مغربی افراتفری سے فائدہ اٹھانے کی حکمت عملی
اسرائیلی دفاعی اور سفارتی حلقے اس ترک نظریے کو اپنے ملک کے لیے ایک انتہائی پیچیدہ اور بے مثال چیلنج قرار دے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر ترکیہ اس بحری بلاک کی تشکیل میں کامیاب ہو جاتا ہے، تو اس سے خطے میں اسرائیل کی آزادانہ نقل و حرکت اور عسکری کارروائیوں کی آزادی شدید متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ اسرائیل کی اہم تجارتی گزرگاہوں اور سمندری راستوں پر بھی دباؤ بڑھ جائے گا۔
ترکیہ کی جانب سے اس اسٹریٹجک اقدام کو ان کوششوں کے جواب کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جو عالمی اور علاقائی طاقتوں کی طرف سے اسے خطے میں محدود یا محصور کرنے کے لیے کی جاتی رہی ہیں۔
ترک قیادت کا ماننا ہے کہ سمندری حدود پر مضبوط گرفت کے بغیر کوئی بھی ملک جدید دور میں اپنی خود مختاری کا تحفظ نہیں کر سکتا، اسی لیے وہ اپنے اس بحری مشن کو ہر صورت پورا کرنے کے لیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں، جس نے پورے مشرق وسطیٰ کی سیاست میں ایک نیا تلاطم پیدا کر دیا ہے۔
Catch all the تجزیہ و بلاگز News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












