ایٹمی ہمسائے کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکی بھارتی قیادت کا ذہنی دیوالیہ پن ہے، پاک فوج

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ایک خودمختار ایٹمی ہمسائے کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکیاں دینا کوئی سفارتی دباؤ نہیں بلکہ بھارتی قیادت کے ذہنی دیوالیہ پن اور جنگی جنون کا مظہر ہے، جس کے نتائج پورے خطے کے لیے تباہ کن ہوں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاکستان کے خلاف دی جانے والی حالیہ گیدڑ بھبکیوں اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات پر تفصیلی اور تاریخی ردعمل جاری کرتے ہوئے نئی دہلی کو آئینہ دکھا دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کی مسلسل اشتعال انگیز بیان بازی اور جنگی جنون جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ پاکستان کوئی عام ملک نہیں بلکہ وہ جنوبی ایشیا کی تاریخ اور جغرافیے کا ایک ناقابلِ تردید حصہ ہے اور ایک ایٹمی طاقت رکھنے والے ہمسائے کو اس طرح کی کھلی دھمکیاں دینا سراسر غیر ذمہ داری اور جنگی جنون ہے۔
ترجمان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا تکبر اور اس کی روایتی جارحانہ سوچ ماضی میں بھی خطے کو کئی بار بڑی جنگوں کے دہانے پر لا چکی ہے، لیکن تاریخ گواہ ہے کہ بھارت پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم کرنے میں ہمیشہ ناکام رہا ہے اور نہ ہی آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود اس نے ماضی کی شکستوں سے کوئی سبق سیکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو اب یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی اور پاکستان کے ساتھ پُرامن بقائے باہمی کے اصول سیکھنا ہوں گے۔ پاکستان کو کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا عسکری کارروائی کا نشانہ بنانے کی کوشش کے نتائج کبھی بھی محدود نہیں رہیں گے اور جنوبی ایشیا میں کسی بھی نئی کشیدگی کے اثرات پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے کر تباہ و برباد کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دوبارہ پنگا لیا تو بھارت جغرافیہ سے نکل کر تاریخ کی کتابوں میں رہ جائے گا، خواجہ آصف
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کو خطے کو ایک نئی اور ہولناک جنگ کی طرف دھکیلنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان عالمی سطح پر ایک انتہائی اہم جغرافیائی کردار اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت رکھتا ہے۔
بھارت کی یہ نئی پاکستان مخالف پالیسی دراصل اس کی اندرونی ناکامیوں اور عالمی سطح پر ملنے والی مایوسی کا واضح اظہار ہے، اور خطے میں دہشت گردی و عدم استحکام کے جھوٹے الزامات عائد کرنے والے بھارت کو خود اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنا چاہیے۔
ترجمان نے واشنگٹن اور دیگر عالمی طاقتوں کو بھی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایک خودمختار ایٹمی ہمسائے کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکی دینا کوئی اسٹریٹجک سگنلنگ ہے اور نہ ہی یہ کوئی سفارتی دباؤ ہے، بلکہ یہ خالصتاً ذہنی دیوالیہ پن اور اشتعال انگیزی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ ایسی کسی بھی جغرافیائی تباہی کے اثرات یقیناً دوطرفہ اور ہمہ گیر ہوں گے کیونکہ ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل، پختگی اور اسٹریٹجک سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں، وہ کبھی بھی تہذیبی برتری یا کسی قوم کا صفحۂ ہستی مٹانے کی بازاری زبان استعمال نہیں کرتیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پاکستان کی سلامتی پر حملے کی کوئی بھی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج بھارت کے لیے اتنے ہولناک ہوں گے جو اس کے لیے کبھی بھی قابلِ قبول نہیں ہو سکتے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








