کراچی سے کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے کراچی میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب دہشت گرد عبدالجبار سرکی کو اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے حب ریور روڈ پر واقع رئیس گوٹھ چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران کوئٹہ سے کراچی آنے والی ایک گاڑی کو روکا اور اس میں سوار کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشت گرد عبدالجبار سرکی کو دھر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، ڈیٹونیٹر اور تباہ کن دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ گرفتار ملزم کا تعلق سندھ میں سرگرم کالعدم تنظیم سندھودیش ریپبلکن آرمی سے ہے۔
رینجرز حکام نے بتایا کہ یہ دہشت گرد سال 2020 میں اس تنظیم کے خطرناک کمانڈر سجاد شاہ کے گروہ میں باقاعدہ شامل ہوا تھا اور اس کے بعد سے وہ کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں تخریب کاری اور دہشت گردی کی متعدد بڑی کارروائیوں میں براہ راست ملوث رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں پاکستان کی بلند ترین 82 منزلہ عمارت برج قائد کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا
ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ جون 2020 میں نیشنل ہائی وے پر قائم رینجرز کی ایک چوکی پر ہونے والے دستی بم حملے میں ملوث تھا، جس کے نتیجے میں دو معصوم راہگیر شدید زخمی ہوئے تھے، جبکہ رینجرز کی چوکی کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا تھا۔
اس کے علاوہ ملزم نے 14 اگست کے جشن آزادی کے موقع پر کراچی کے علاقے گلشن حدید میں لگائے گئے آزادی اسٹال کی مکمل ریکی کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے، جہاں وہ بڑے حملے کی تیاری کر رہا تھا۔
گرفتار دہشت گرد کا نام کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ریڈ بک یعنی انتہائی مطلوب ترین ملزمان کی فہرست میں شامل تھا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم بیرون ملک روپوش کمانڈر سجاد شاہ سے مسلسل رابطے میں تھا اور کراچی کے انتہائی حساس مقامات، سرکاری عمارات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بڑے حملوں کی ہولناک منصوبہ بندی کر رہا تھا، تاہم وقت پر کارروائی کرکے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے اور ملزم کے دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











