بنگلہ دیش نے پاکستان کو 78 رنز سے ہرا کر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں بدترین ناکام رہی، جس کے باعث سیریز میں دو صفر سے تاریخی وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد میزبان بنگلہ دیش نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر سے شکست دے کر وائٹ واش کر دیا ہے۔
ڈھاکا ٹیسٹ میں عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیم سے سلہٹ ٹیسٹ میں جاندار واپسی کی امید کی جا رہی تھی، تاہم پاکستانی کھلاڑی ایک بار پھر بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم نے میچ میں فتح کے لیے پاکستان کو 437 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا، جس کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم چوتھی اننگز میں محض 358 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے 78 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ، چینی نیشنل پیپلز کانگریس کا وفد پاکستان پہنچ گیا.
پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سب سے زیادہ 94 رنز بنا کر مزاحمت کی لیکن وہ اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔
ان کے علاوہ کپتان شان مسعود اور سلمان علی آغا نے 71 71 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو بچانے کی کوشش کی مگر دیگر بلے بازوں نے ان کا ساتھ نہ دیا۔
اسٹار بلے باز بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 47 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ نوجوان کھلاڑی اذان اویس اکیس اور عبداللہ فضل صرف چھ رنز ہی بنا سکے۔
بنگلہ دیش کی جیت میں ان کے مایہ ناز اسپن بولر تیج الاسلام نے کلیدی کردار ادا کیا، جنہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں اور دوسری اننگز میں چھ اہم وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز کا بڑا اسکور بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جبکہ انہوں نے میچ کی پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے، جس کی بدولت انہیں پہلی اننگز میں بھی برتری حاصل تھی۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












