جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

اسرائیل سے ملک بدری کے بعد غزہ امدادی فلوٹیلا کے کارکنوں کا پہلا گروپ ترکیہ پہنچ گیا

22 مئی, 2026 09:26

اسرائیل کی جانب سے غزہ جانے والے امدادی فلوٹیلا سے حراست میں لیے گئے تمام غیر ملکی سرگرم کارکنوں کو ملک بدر کیے جانے کے بعد، ان کا پہلا گروپ ترکیہ پہنچ گیا ہے، جہاں ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

فلسطینی علاقے غزہ کی غیر قانونی ناکہ بندی توڑنے کی تازہ ترین کوشش کے دوران پیر کو عالمی سمندر میں روکے جانے کے بعد دنیا بھر کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں امدادی کارکنوں کو اسرائیل میں نظربند کر دیا گیا تھا۔

ترکیہ کی وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق پچاسی ترک شہریوں سمیت چار سو بائیس کارکنوں کو انقرہ کی طرف سے چارٹرڈ کیے گئے تین خصوصی طیاروں کے ذریعے جنوبی اسرائیل سے روانہ کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے حامیوں کا ایک بہت بڑا ہجوم جمع تھا، جس نے رضا کاروں کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ نے اسرائیل کے دفاع کیلئے اپنے دفاعی میزائلوں کا بڑا ذخیرہ ختم کر دیا، پینٹاگون کی رپورٹ

ایک ترک شہری بلال کیتے نے طیارے سے اترنے کے بعد آپ بیتی سناتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی افواج نے وحشیانہ حملہ کیا اور خواتین و مرد سمیت ہر ایک کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہی کچھ ہے، جس کا تجربہ معصوم فلسطینی ہر وقت کرتے ہیں۔ ٹرمینل سے باہر نکلتے ہی ایک اور کارکن نے نعرہ لگایا کہ فلسطینی عوام اکیلے نہیں ہیں اور ہجوم کے نعروں کی گونج میں کہا کہ ہمیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، مارا پیٹا گیا اور اغوا کر کے گرفتار کیا گیا لیکن ہم ہار نہیں مانیں گے بلکہ دوبارہ واپس جائیں گے کیونکہ فلسطین دریا سے سمندر تک آزاد ہو کر رہے گا۔

دو شرکاء اس وقت اسپتال میں داخل ہیں، جنہیں اسرائیلی فورسز نے ربڑ کی گولیاں ماریں جبکہ دیگر کئی کارکنوں کی پسلیاں ٹوٹنے کا بھی خدشہ ہے۔

دیگر کارکنوں سے پہلے ملک بدر کیے جانے والے اطالوی صحافی الیسانڈرو مانتووانی نے بتایا کہ اسرائیلی سکیورٹی اہلکار انہیں ہتھکڑیاں اور بیڑیاں پہنا کر بین گوریان ایئرپورٹ لے گئے، جہاں انہیں راستے بھر مارا پیٹا گیا، لاتیں اور گھونسے مارے گئے اور وہ مسلسل چلاتے رہے کہ اسرائیل میں خوش آمدید۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔