جمعہ، 29-مئی،2026
جمعہ 1447/12/12هـ (29-05-2026م)

گوشت کھانے والی خواتین پر تحقیق کے حیران کن نتائج سامنے آگئے

29 مئی, 2026 11:58

چین میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں گوشت کھانے اور طویل عمر کے درمیان تعلق سے متعلق دلچسپ اور حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں جنہوں نے ماہرینِ صحت اور عام لوگوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے تین معروف تحقیقی اداروں کے ماہرین نے بزرگ افراد کی غذائی عادات اور عمر پر اس کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 80 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین میں گوشت کے استعمال اور طویل عمر کے امکانات کے درمیان واضح تعلق دیکھا گیا، تاہم یہ اثر مردوں میں ظاہر نہیں ہوا۔

تحقیق کے مطابق وہ خواتین جو کم وزن کی شکار تھیں اور باقاعدگی سے گوشت استعمال کرتی تھیں، ان میں 100 سال کی عمر تک پہنچنے کے امکانات سبزی خور خواتین کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ پائے گئے۔ تاہم جن خواتین کا وزن نارمل یا زیادہ تھا، ان میں گوشت کھانے یا نہ کھانے سے عمر پر کوئی خاص فرق نہیں دیکھا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فرق کی ایک بڑی وجہ بڑھاپے میں جسمانی کمزوری اور پٹھوں کی طاقت میں کمی ہو سکتی ہے۔ گوشت میں موجود پروٹین اور ضروری غذائی اجزا جسمانی توانائی برقرار رکھنے اور عضلات کو مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جو طویل عمر کے امکانات کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جو خواتین سبزیوں کے ساتھ ساتھ مچھلی، انڈے اور دودھ جیسی غذائیں بھی استعمال کرتی ہیں، ان کی صحت اور عمر گوشت کھانے والی خواتین کے برابر یا بہتر دیکھی گئی۔

ماہرین کے مطابق نوجوانی میں پھل اور سبزیاں زیادہ فائدہ مند ہوتی ہیں، لیکن بڑھتی عمر میں جسم کو زیادہ پروٹین کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ کمزوری اور جسمانی تنزلی سے بچا جا سکے۔

تحقیق کا اہم نتیجہ یہ ہے کہ طویل اور صحت مند زندگی کا راز کسی ایک مخصوص غذا میں نہیں بلکہ متوازن خوراک میں ہے، جس میں پودوں اور جانوروں دونوں ذرائع سے حاصل ہونے والی غذائیں شامل ہوں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بڑھاپے میں غیر ضروری طور پر وزن کا بہت زیادہ کم ہونا صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، جبکہ مناسب مقدار میں پروٹین کا استعمال جسمانی طاقت برقرار رکھنے اور عمر بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ تحقیق چین کے تین بڑے اداروں فوڈان یونیورسٹی، چائنیز سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن اور شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے ماہرین نے مشترکہ طور پر کی ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔