خواجہ آصف کی سگریٹ پر ٹیکس شرح کم کرنے کی تجویز

خواجہ آصف نے نئے بجٹ سے قبل سگریٹ کے غیر قانونی کاروبار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکس شرح کم کرنے کی تجویز کا حوالہ دیا ہے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں بجٹ اور ٹیکسوں کا موسم قریب آتے ہی سگریٹ کا قانونی کاروبار کرنے والے حضرات ان سے ملنے آ رہے ہیں۔
ان کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ اگر سگریٹ پر ٹیکس کی شرح کم کی جائے تو مارکیٹ میں غیر قانونی اور بغیر ٹیکس والی سگریٹ کا کاروبار کم ہو جائے گا، جس سے ملکی خزانے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وہ اس تاویل سے عام طور پر اتفاق کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی قریب میں جب غیر قانونی اور چوری کی سگریٹ فیکٹریوں کے خلاف سختی کی گئی تو یہ کاروبار ایک صوبے سے نکل کر باقی صوبوں میں پھیل گیا۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی بجٹ میں تاخیر کی چار بڑی وجوہات سامنے آ گئیں، وزیر اعظم اور اتحادی نالاں
انہوں نے مثال دی کہ پرانے زمانے میں لاہور کے ایک خاص کونے میں ایک غیر قانونی کاروبار ہوتا تھا، حکومت نے اسے بند کروایا تو وہ پورے لاہور میں پھیل گیا۔ اب سننے میں آیا ہے کہ سگریٹ چوری کرنے والوں نے پولٹری فارموں کے اندر خفیہ مشینیں لگا لی ہیں۔
خواجہ آصف کے مطابق ایک اندازے کے مطابق سگریٹ کے اس غیر رسمی یا غیر قانونی کاروبار کی وجہ سے حکومت کو ٹیکس کی مد میں 300 ارب روپے کا سالانہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
مارکیٹ میں ایک رائے یہ بھی ہے کہ ٹیکس گھٹانے سے چوری کا رجحان کم ہو جائے گا اور زیادہ لوگ ٹیکس دینے پر راضی ہوں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اس سے صرف ایک نقصان ہوگا کہ ٹیکس جمع کرنے والے بے ایمان حکومتی اہلکار حرام کی کمائی سے محروم ہو جائیں گے۔
انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ پورے ملک میں مارکیٹوں کا حجم دیکھیں اور یہ چیک کریں کہ وہ کتنا ٹیکس دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں ٹیکس ٹھیک سے جمع ہونا شروع ہو جائے تو پاکستان عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی سے آزاد ہو سکتا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











