امریکی بحری بیڑے جیرالڈ فورڈ میں لگنے والی آگ سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا تھا، سی این این

امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف مہم کے دوران امریکی بحری بیڑے جیرالڈ فورڈ میں لگنے والی آگ سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا تھا اور اس کا خودکار سیکیورٹی سسٹم بھی فیل ہو گیا تھا۔
امریکی بحری فوج کو اس وقت شدید تنقید اور سوالات کا سامنا ہے، جب ایک نئی ویڈیو فوٹیج کے ذریعے یہ انکشاف ہوا ہے کہ امریکہ کے سب سے جدید اور بڑے جنگی بحری جہاز جیرالڈ فورڈ میں لگنے والی آگ سے کتنا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا۔
اس واقعے نے جنگی مہم کے دوران جہاز کی تیاری اور اس کے اندرونی حفاظتی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
سی این این کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یہ آگ اس وقت لگی تھی، جب یہ بحری بیڑا ایران کے خلاف امریکی جنگی کارروائیوں کے سلسلے میں بحیرہ احمر میں تعینات تھا۔
اگرچہ امریکی بحری فوج نے شروع میں اس واقعے کو ایک معمولی حادثہ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ جہاز مکمل طور پر کام کر رہا ہے، لیکن نئی ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ جہاز کے اندر عملے کے رہنے کے متعدد کمرے مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو چکے تھے، جن میں جھلسی ہوئی برتھیں، تباہ شدہ چھتیں، لٹکتی ہوئی بجلی کی تاریں اور ملبہ ہر طرف بکھرا ہوا تھا۔
آگ بجھانے کے عمل میں شریک ایک امریکی فوجی نے بتایا کہ وہ اس وقت سنجیدگی سے یہ سمجھ بیٹھے تھے کہ وہ اس عظیم جنگی جہاز سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
رپورٹ میں امریکی حکام اور عملے کے ایک ارکان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جہاز کا خودکار طور پر آگ بجھانے والا نظام بروقت کام کرنے میں ناکام ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے امریکی فوجیوں کو خود اپنی مدد آپ کے تحت اس ہولناک آگ کا مقابلہ کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر سروس فیس لگائیں گے، ایرانی نائب وزیر خارجہ
اس آگ کو مکمل طور پر بجھانے اور جہاز کو محفوظ بنانے میں تقریباً 30 گھنٹے کا طویل وقت لگا، جبکہ اس تباہی کے باعث لگ بھگ 600 امریکی فوجی اپنے کمروں سے محروم ہو گئے۔
امریکی بحری فوج نے فائر کنٹرول سسٹم کی اس ناکامی پر اب تک عوامی سطح پر کوئی بیان جاری نہیں کیا اور صرف اتنا کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
اس آگ نے عارضی طور پر جہاز کی جنگی صلاحیتوں کو بھی شدید متاثر کیا۔ بحری آپریشنز کے چیف ایڈمرل ڈیرل کاڈل نے اعتراف کیا کہ اس واقعے کے بعد یہ جہاز 2 دن تک اپنے جنگی طیاروں کی پروازیں بحال کرنے کے قابل نہیں رہا تھا اور بعد میں اسے عارضی مرمت کے لیے یونان کی ایک بندرگاہ پر لے جانا پڑا۔
جیرالڈ فورڈ امریکی بحری بیڑے کا سب سے جدید جہاز ہے، جس نے ایران کے خلاف جارحیت میں مرکزی کردار ادا کیا اور کئی حملے کیے۔
اس کے علاوہ جہاز پر صفائی کے نظام میں بار بار مسائل بھی سامنے آئے اور ویڈیو میں دیکھا گیا کہ جہاز کے متعدد بیت الخلا ابل رہے تھے اور استعمال کے قابل نہیں تھے۔
یہ جہاز مئی میں 11 ماہ کی طویل ترین تعیناتی کے بعد ورجینیا کی بندرگاہ پر واپس پہنچا ہے، جو ویتنام جنگ کے بعد کسی بھی امریکی بحری جہاز کی سب سے لمبی مہم ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اب اس جہاز کی بڑے پیمانے پر طویل مرمت اور معائنہ کیا جائے گا، جس کی وجہ سے یہ کم از کم ایک سال تک دوبارہ کسی بھی مشن پر جانے کے لیے دستیاب نہیں ہو سکے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












