ہفتہ، 13-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

وزیر اعظم کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کو ایک بار پھر میثاقِ جمہوریت کی دعوت

13 جون, 2026 14:47

وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن کو ایک بار پھر ملک کے استحکام کے لیے میثاقِ جمہوریت اور بات چیت کی دعوت دے دی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایوان میں چاروں صوبوں سے اراکین منتخب ہو کر آئے ہیں، سب کی سیاست، وژن اور خیالات مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن پاکستان کی بقا ہی ہماری بقا ہے۔

انہوں نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے معاشی وسائل پر ان کا پورا حق ہے اور اس پر کوئی دو رائے نہیں ہیں۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ رکوڈیک کا معاہدہ بلوچستان کے رہنماؤں کی مکمل مشاورت سے ہوا ہے اور 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ 100 فیصد بڑھایا گیا تھا، یہ کوئی احسان نہیں بلکہ حق تھا اور اب گوادر سے چمن تک اعلیٰ معیار کی سڑک بنائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کا فعال دہشت گرد گرفتار

انہوں نے ملکی سیکیورٹی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 3 دن پہلے ہمارے 22 فوجی جوان شہید ہوئے اور اس دہشت گردی کے پیچھے خارجی عناصر کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں خوارجیوں کو تکنیکی مدد مل رہی ہے اور خیبر پختونخوا میں بھی افواجِ پاکستان دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں، اس لیے ڈیورنڈ لائن پر سیکیورٹی کے لیے باڑ لگانا بالکل مناسب فیصلہ ہے۔

وزیر اعظم نے اصرار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف غفلت پر قوم ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی اور ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں کا احترام کرنا ہوگا۔

انہوں نے پاکستان تحریکِ انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ اپوزیشن ارکان ہمارے بھائی ہیں، ان سے ہماری کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، ثناء اللہ مستی خیل اب واپس اپنے گھر آ جائیں۔

وزیر اعظم نے ایک بار پھر اپوزیشن کو میثاقِ جمہوریت کی طرف آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آج بھی دیر نہیں ہوئی، میں ملک کی خاطر بات چیت کے لیے ہر وقت تیار ہوں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔