بدھ، 24-جون،2026
بدھ 1448/01/09هـ (24-06-2026م)

بالوں کا گرنا نظرانداز مت کریں، ورنہ۔۔۔۔۔ ماہرین صحت نے خطرے کی گھنٹی بجادی

24 جون, 2026 10:07

بالوں کا گرنا عام مسئلہ سمجھا جاتا ہے، لیکن ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بعض اوقات یہ جسم میں موجود کسی بڑی بیماری کی نشاندہی بھی کر سکتا ہے۔ اگر بال معمول سے زیادہ گر رہے ہوں تو صرف شیمپو یا تیل تبدیل کرنے کے بجائے پہلے ڈاکٹر سے معائنہ کروانا چاہیے۔

حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں ماہرین صحت نے بال گرنے کی مختلف وجوہات اور ضروری احتیاطی تدابیر پر تفصیل سے بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص میں بال گرنے کی وجہ ایک جیسی نہیں ہوتی، اس لیے اصل مسئلہ جاننا بہت ضروری ہے۔

ڈاکٹر وسیم جمالی کے مطابق بعض آٹو امیون بیماریاں، خاص طور پر سسٹیمک لیوپس ایری تھیماٹوسس (SLE)، بالوں کے گرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ اس بیماری میں جسم کا مدافعتی نظام اپنے ہی اعضا کو متاثر کرنا شروع کر دیتا ہے۔ اس کے ساتھ چہرے پر سرخ دھبے، تھکن اور جوڑوں میں درد جیسی علامات بھی ظاہر ہو سکتی ہیں۔

ڈاکٹر بتول اشرف نے بتایا کہ بال گرنے کی صورت میں بغیر ٹیسٹ کے کوئی دوا یا سپلیمنٹ استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ پہلے خون کے ضروری ٹیسٹ کروانا ضروری ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ مسئلہ کس وجہ سے پیدا ہوا ہے۔ اس مقصد کے لیے سی بی سی (CBC)، سیرم آئرن، فیرٹین، تھائرائیڈ پروفائل اور وٹامن ڈی سمیت مختلف ٹیسٹ تجویز کیے جا سکتے ہیں۔

ماہرین نے کہا کہ خون کی کمی بھی بال گرنے کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ تاہم صرف آئرن کی کمی ہی نہیں بلکہ وٹامن بی 12، فیرٹین اور دیگر ضروری غذائی اجزا کی کمی بھی اس مسئلے کا باعث بن سکتی ہے۔ اسی لیے مکمل طبی جانچ بہت اہم ہے۔

ڈاکٹر عظمیٰ حمید کے مطابق خون کی کمی کی اصل وجہ معلوم کرنا ضروری ہے۔ بعض اوقات جسم میں خون مناسب مقدار میں بنتا نہیں، جبکہ بعض صورتوں میں کسی اندرونی بیماری کی وجہ سے خون ضائع ہو رہا ہوتا ہے۔ اگر اس مسئلے کو بروقت نہ پکڑا جائے تو یہ دل سمیت جسم کے دیگر اہم اعضا کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

ماہرین صحت نے واضح کیا کہ ہر بار بال گرنا کسی خطرناک بیماری کی علامت نہیں ہوتا، لیکن اس مسئلے کو مسلسل نظر انداز کرنا بھی درست نہیں۔ اگر بروقت معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کروا لیے جائیں تو بیماری کا جلد پتہ چل سکتا ہے اور مناسب علاج شروع کرنا آسان ہو جاتا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔