پیر، 29-جون،2026
پیر 1448/01/14هـ (29-06-2026م)

آبنائے ہرمز پر صرف ایران کا کنٹرول رہے گا، کسی بھی مداخلت پر سخت جواب دیں گے، عباس عراقچی

29 جون, 2026 09:40

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عراقی حکام سے ملاقاتوں میں خطے میں بیرونی مداخلت کے بغیر پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک خود مختار علاقائی سیکیورٹی میکانزم بنانے کا مطالبہ کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عراق کے سینیر حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ایک خود مختار علاقائی میکانزم قائم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کے ممالک کو بیرونی فوجی مداخلت کے بغیر اور باہمی تعاون کی بنیاد پر طویل مدتی استحکام کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے عراق کے قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے امریکہ کی جانب سے کی جانے والی مسلسل خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور ایران حملے روکنے پر متفق، آبنائے ہرمز تنازع پر قطر میں مذاکرات ہوں گے

انہوں نے واضح کیا کہ معاہدے کی اہم شقوں کی خلاف ورزی، خاص طور پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے، علاقائی استحکام کی بحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ اگر وعدوں کی خلاف ورزی کی گئی تو تہران اس کا سخت جواب دے گا۔

آبنائے ہرمز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر ایرانی انتظامیہ کے کنٹرول میں ہے اور اس آبی گزرگاہ کی صورتحال اسی طرح بحال کی جائے گی، جیسے جنگ سے پہلے تھی۔

انہوں نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے علاوہ کسی بھی دوسری پارٹی کی جانب سے آبنائے کے معاملات میں مداخلت اس کے دوبارہ کھلنے میں تاخیر کا سبب بنے گی اور خطے میں تناؤ کو مزید بڑھا دے گی۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت آبنائے ہرمز ایران کی طے شدہ مینجمنٹ کے تحت 30 دنوں کے اندر اپنی پرانی صلاحیت پر واپس آجائے گا۔

انہوں نے گزشتہ دو راتوں کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات بڑھتے ہوئے تناؤ کا ثبوت ہیں، اس لیے تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ یادداشت کا احترام کریں اور اس کا رخ موڑنے سے گریز کریں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔