پانی پاکستان کی بقا اور ریڈ لائن ہے، سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں ہو سکتا، وفاقی وزرا

وفاقی وزرا نے واضح کیا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو دوٹوک پیغام دیا ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والا ایک مسلمہ بین الاقوامی معاہدہ ہے، جسے کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور عسکری قیادت نے ہمیشہ پانی کو پاکستان کی بقا اور زندگی کا معاملہ قرار دیا ہے، اس لیے پانی ہماری ریڈ لائن اور لائف لائن ہے، جس پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ سندھ طاس معاہدے پر ایک عالمی سیمینار منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں دنیا بھر سے آبی ماہرین شریک ہیں، اور اس سے عالمی سطح پر پاکستان کے قانونی مؤقف کو بڑی پذیرائی ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی ریاست منی پور میں جاری نسلی فسادات نوے کی دہائی جیسی خانہ جنگی کی طرف بڑھنے لگے
اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم واضح کر چکے ہیں کہ جو ہمارے پانی پر ہاتھ ڈالے گا، ہم وہ ہاتھ کاٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک سے دو ماہ کے دوران یہ معاملہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھایا ہے، اور عالمی برادری کو اب یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا دریاؤں کے بالائی حصے پر موجود کوئی ملک اپنی مرضی سے دوسرے کا پانی روک سکتا ہے؟
مصدق ملک نے کہا کہ ملک کی 50 فیصد آبادی کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے، اس لیے پانی کا مسئلہ ہماری بقا اور غذائی تحفظ سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس عالمی کانفرنس کے دوسرے روز کا سیشن انصاف اور حقوق کے موضوع پر ہوگا، جس میں پاکستان کے قانونی پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









