ہفتہ، 4-جولائی،2026
ہفتہ 1448/01/19هـ (04-07-2026م)

ہوم ڈلیوری سروس، شہری اب گھر بیٹھے پاسپورٹ وصول کر سکیں گے

04 جولائی, 2026 10:04

وفاقی حکومت نے عوام کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

 اس نئی سہولت کے تحت پاسپورٹ بنوانے والے شہری اب اپنا پاسپورٹ متعلقہ دفتر سے لینے کے بجائے براہِ راست اپنے گھر کے پتے پر وصول کر سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو آسان، تیز اور زیادہ سہل بنانا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے یہ سروس ایک نجی کورئیر کمپنی کے تعاون سے شروع کی ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا اور ٹی سی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن رضا لغاری کے درمیان ایک معاہدہ بھی طے پایا، جس کے بعد اس منصوبے پر باقاعدہ عمل درآمد شروع کر دیا گیا۔

اس معاہدے کے مطابق ٹی سی ایس کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا آفیشل کورئیر پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔ اب پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کروانے والے افراد کو درخواست کے وقت ہی ہوم ڈلیوری کا آپشن فراہم کیا جائے گا۔ اگر درخواست گزار یہ سہولت منتخب کرے گا تو پاسپورٹ تیار ہونے کے بعد اسے محفوظ طریقے سے اس کے گھر پہنچا دیا جائے گا۔

نئی سروس سے شہریوں کو بار بار پاسپورٹ دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس کے ساتھ دفاتر میں رش بھی کم ہوگا اور درخواست گزاروں کا قیمتی وقت بچ سکے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس ادائیگی کا نظام بھی متعارف کروایا تھا، جس کے تحت پاسپورٹ فیس ڈیجیٹل ذرائع سے جمع کروائی جا رہی ہے۔ اب ہوم ڈلیوری سروس کے آغاز کے بعد درخواست گزاروں کو مزید آسانی ملے گی اور پورا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ جدید اور سہل ہو جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔