محکمہ موسمیات کی ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

Nothing but rain; Meteorological Department issues an alert
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر آندھی، جھکڑ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں، جس کے باعث کمزور اور کچی تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آج رات اور آئندہ روز دن کے وقت موسم گرم رہے گا۔ تاہم دوپہر کے بعد اور شام کے اوقات میں بادل بننے، تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، چترال، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم اور اورکزئی میں دوپہر کے بعد بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جس سے معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پنجاب میں بھی زیادہ تر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔ البتہ مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان شہروں میں شام کے وقت موسم اچانک تبدیل ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کی توقع ہے۔ ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم رہ سکتا ہے، تاہم کسی بڑی بارش کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم رہے گا، جبکہ خضدار اور اس کے گردونواح میں شام اور رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ ان علاقوں کے مختلف مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










