پیر، 6-جولائی،2026
پیر 1448/01/21هـ (06-07-2026م)

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے سیمنٹ صنعت میں بڑی پیش رفت، 7 نئے پلانٹس کیلئے 700 ملین ڈالر سرمایہ کاری منظور

06 جولائی, 2026 11:32

پاکستان کی سیمنٹ صنعت کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے نئے سرمایہ کاری منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں 7 نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لیے تقریباً 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف صنعتی شعبے کو تقویت ملے گی بلکہ روزگار، برآمدات اور ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے باعث فلائنگ سیمنٹ اور لکی سیمنٹ کے اہم منصوبوں کی منظوری ممکن ہوئی۔ سرمایہ کاروں کو درپیش مختلف انتظامی اور ریگولیٹری مسائل کے حل کے بعد ان منصوبوں پر پیش رفت تیز کی گئی، جس سے ملک میں سیمنٹ کی پیداواری صلاحیت مزید بڑھنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

اسی سلسلے میں لکی سیمنٹ نے اپنے کراچی پلانٹ کی اپ گریڈیشن بھی مکمل کر لی ہے۔ اپ گریڈیشن کے بعد پلانٹ کی سالانہ پیداواری صلاحیت میں 3 لاکھ ٹن کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ صلاحیت بڑھ کر 53 لاکھ 50 ہزار ٹن سالانہ ہو گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق جدید مشینری کی تنصیب سے ایندھن کی بچت ہوگی، کوئلے کا استعمال کم ہوگا اور پیداواری لاگت میں بھی کمی آئے گی۔

اس توسیعی منصوبے کے بعد لکی سیمنٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت بڑھ کر 1 کروڑ 56 لاکھ ٹن سالانہ تک پہنچ گئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صنعت کی کارکردگی بہتر ہوگی، جبکہ عالمی منڈی میں پاکستانی سیمنٹ کی مسابقت بھی مضبوط ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) نے مالی سال 2025-26 کے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 7.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی کھپت بڑھ کر 5 کروڑ 5 لاکھ 15 ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی طلب میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ مالی سال کے دوران مقامی فروخت 9.5 فیصد اضافے کے ساتھ 4 کروڑ 15 لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئی۔

اگرچہ مقامی مارکیٹ میں فروخت میں اضافہ ہوا، تاہم اے پی سی ایم اے کے مطابق مالی سال کے دوران برآمدات 2.19 فیصد کم ہو کر 90 لاکھ 8 ہزار ٹن رہیں۔ اس کے باوجود مقامی طلب میں اضافے نے مجموعی فروخت کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔