بھارت کی آبی جارحیت، پاکستان کی تمام سیاسی قیادت سندھ طاس معاہدے کے دفاع کے لیے یک زبان

بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر سیاسی و عسکری قیادت نے آبی جارحیت کے خلاف شدید ردعمل دیتے ہوئے ہر قیمت پر معاہدے کے دفاع کا عزم ظاہر کیا ہے۔
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور پاکستان کا ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا روکنے کے اقدامات نے جنوبی ایشیا کے اسٹریٹجک استحکام کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے، جس کے خلاف پاکستان کی تمام سیاسی قیادت یک زبان ہو گئی ہے۔
چیئرمین واپڈا کا کہنا ہے کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں اور مغربی دریاؤں پر نئے منصوبے بنا کر خطے کی آبی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پانی پاکستان کا ناقابل تنسیخ حق ہے اور اس معاہدے کی معطلی سے بھارت کو عالمی سطح پر شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، کیونکہ بھارتی اقدام کی نہ تو کوئی قانونی حیثیت ہے اور نہ ہی اخلاقی جواز۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان ہر قیمت پر سندھ طاس معاہدے کا دفاع کرے گا، بھارت کے دباؤ کی حکمت عملی اور یکطرفہ کارروائی کسی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ یہ معاملہ پاکستان کی آبی، غذائی، توانائی اور قومی سلامتی سے جڑا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ طاس معاہدہ : بھارت سے مسائل حل نہ ہوئے تو عالمی ثالثی عدالت جائیں گے، کمشنر انڈس واٹر ٹریٹی
سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ دریائے چناب کے بالائی بہاؤ میں بھارت کی ممکنہ مداخلت صریحاً قانونی خلاف ورزی ہے اور پاکستان اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ آبی تحفظ پاکستان کی قومی سلامتی کا اہم ستون ہے اور بھارت مشترکہ دریاؤں پر شفاف حکمرانی کے برعکس جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹر شرمیلا فاروقی نے کہا کہ بھارت کو معاہدوں کی پاسداری کرنی چاہیے، خطے میں اس کی دھونس نہیں چل سکتی۔
میر ضیا اللہ لانگو بلوچ کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر اجاگر ہونا چاہیے۔
سینیٹر پلوشہ خان، عظمیٰ بخاری اور بیرسٹر عقیل ملک نے بھی اپنے بیانات میں واضح کیا کہ بی جے پی حکومت پانی کو سیاسی ہتھیار بنانے سے باز رہے، کروڑوں انسانوں کی زندگیوں سے کھیلنا خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے اور پاکستان اپنی زراعت اور معیشت کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنائے گا۔
بلال اظہر کیانی اور ناز بلوچ نے بھی کہا کہ عالمی معاہدوں کو یکطرفہ معطل کرنا عالمی نظام کو کمزور کرتا ہے اور بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی مکمل پاسداری کرنا ہوگی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









