سندھ میں غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، زائد فیس وصولی پر بھی کارروائی کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن کے بغیر تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے والے اسکولوں کو 15 روز کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کرانے کی مہلت دی گئی ہے، بصورت دیگر ایسے اداروں کو سیل کر دیا جائے گا۔
ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق رجسٹریشن کے بغیر طلبہ سے فیس وصول کرنے والے اسکولوں کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جبکہ مقررہ اور منظور شدہ فیس سے زائد رقم وصول کرنے والے اداروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اضافی فیس، پوشیدہ چارجز یا کسی بھی غیر منظور شدہ مد میں رقم وصول کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف وہی فیس ادا کریں جو متعلقہ اتھارٹی کی جانب سے منظور شدہ ہو، اور کسی بھی اضافی مطالبے کی صورت میں متعلقہ حکام کو شکایت درج کرائیں۔
ڈائریکٹوریٹ نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنی منظور شدہ فیس کی تفصیلات اسکول کے نوٹس بورڈ، ویب سائٹ اور استقبالیہ (ریسپشن) پر نمایاں طور پر آویزاں کریں تاکہ والدین کو مکمل معلومات باآسانی دستیاب ہوں۔
اعلامیے کے مطابق فیس سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں اسکول کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ بھی کی جا سکتی ہے۔
والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا داخلہ کرانے سے قبل متعلقہ نجی اسکول کی رجسٹریشن کی تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی بھی قانونی یا انتظامی مسئلے سے بچا جا سکے۔
سندھ حکومت نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور مقررہ قوانین و ضوابط کی پابندی کریں۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











