جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

پنجاب کے پرائمری اسکولوں میں اے آئی تعلیم متعارف کروانے کا فیصلہ

10 جولائی, 2026 12:53

پنجاب حکومت نے سرکاری تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر کے تمام پرائمری اسکولوں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کی تعلیم متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 اس منصوبے کے تحت نہ صرف پانچویں جماعت تک کے طلبہ کو اے آئی کے بنیادی تصورات پڑھائے جائیں گے بلکہ مرحلہ وار اسکولوں میں جدید اے آئی اور سائنس لیبارٹریاں بھی قائم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کو ابتدائی عمر سے ہی جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا اور انہیں مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔

پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ (PCTB) نے پانچویں جماعت تک آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی تعلیم کو نصاب کا حصہ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد متعلقہ حکام نے اے آئی پر مبنی نیا نصاب بھی تیار کر لیا ہے، جسے آئندہ بورڈ اجلاس میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ منظوری ملنے کے بعد اس نصاب کو نئے تعلیمی سال 2027 سے مرحلہ وار نافذ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو ایک علیحدہ مضمون کے طور پر پڑھایا جائے گا تاکہ طلبہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں اور مصنوعی ذہانت کے بنیادی اصولوں سے واقف ہو سکیں۔ بعد ازاں اسکولوں میں جدید اے آئی لیبز اور سائنس لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی، جہاں بچوں کو عملی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

اس وقت پنجاب کے سرکاری پرائمری اسکولوں میں نہ تو اے آئی کے ماہر اساتذہ موجود ہیں اور نہ ہی اس مقصد کے لیے ضروری لیبارٹریاں قائم ہیں۔ اسی کمی کو پورا کرنے کے لیے حکومت نے ماہرین تعلیم کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیم فراہم کی جا سکے۔

اگر منصوبے کے دوران فنڈز کی کمی کا سامنا کرنا پڑا تو متبادل حکمت عملی بھی تیار کی گئی ہے۔ ایسی صورت میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بنیادی اسباق کو سائنس کی موجودہ کتابوں میں شامل کر دیا جائے گا تاکہ طلبہ اس اہم شعبے سے محروم نہ رہیں اور تعلیم کا سلسلہ جاری رہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔