جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

وفاقی حکومت کا صحت کے شعبے میں اے آئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کا فیصلہ

15 جولائی, 2026 14:29

وفاقی حکومت نے وزیراعظم صحت کارڈ پروگرام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 منصوبے کے تحت بیماریوں کی تشخیص میں مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو کم وقت میں زیادہ درست طبی تشخیص فراہم کی جا سکے۔ اس اقدام سے نہ صرف علاج کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ صحت کے شعبے پر آنے والے اخراجات میں بھی نمایاں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت اس منصوبے کے لیے عالمی سطح پر معروف علی بابا گروپ کے ساتھ تعاون پر کام کر رہی ہے۔ دونوں اداروں کے درمیان آئندہ ماہ معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔ معاہدے کے بعد ملک بھر کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں جدید اے آئی سسٹم مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔

حکومتی منصوبے کے مطابق تقریباً 20 کروڑ پاکستانی شہری اس جدید تشخیصی نظام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے کینسر، دماغی امراض اور دیگر پیچیدہ بیماریوں کی جلد اور زیادہ درست تشخیص ممکن ہوگی۔ اس سے مریضوں کا قیمتی وقت بچے گا اور علاج بروقت شروع کیا جا سکے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے 1100 سے زائد سرکاری اور نجی اسپتالوں میں یہ نظام نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اسپتالوں کو اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔ بعد ازاں ضرورت کے مطابق اس دائرہ کار کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے بیماریوں کی تشخیص پر آنے والے اخراجات میں اربوں روپے کی بچت ہوگی۔ جدید نظام غلط تشخیص کے امکانات کم کرے گا اور مریضوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے میں مدد دے گا۔ اس کے ساتھ اسپتالوں میں علاج کے عمل کو بھی زیادہ مؤثر اور تیز بنایا جا سکے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے علی بابا گروپ کے سربراہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ہے تاکہ اس منصوبے پر پیش رفت کو حتمی شکل دی جا سکے۔ اگر معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ پاکستان کے صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اعداد و شمار کے مطابق وزیراعظم صحت کارڈ پروگرام پر وفاقی حکومت سالانہ تقریباً 10 ارب روپے خرچ کرتی ہے، جبکہ پنجاب حکومت اس مد میں 60 ارب روپے، بلوچستان حکومت 10 ارب روپے اور خیبرپختونخوا حکومت صحت سہولت کارڈ پر سالانہ 40 ارب روپے سے زائد خرچ کر رہی ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔