ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

ایس ایس جی سی کی نئی ’سہولت وین‘ سروس متعارف

18 جولائی, 2026 11:53

سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کراچی کے صارفین کے لیے ایک نئی سہولت کا آغاز کر دیا ہے۔

 کمپنی نے ’سہولت وین‘ کے نام سے ایک موبائل کسٹمر فیسلیٹیشن یونٹ متعارف کروایا ہے، جس کا مقصد گیس صارفین کو ان کی رہائشی آبادیوں میں ہی بنیادی خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام سے صارفین کو معمولی مسائل کے حل کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے اور ان کا وقت بھی بچے گا۔

ایس ایس جی سی کے مطابق یہ موبائل سروس صارفین کو مختلف اہم سہولیات ایک ہی جگہ پر فراہم کرے گی۔ اگر کسی گھر میں گیس لیکج، کم پریشر، خراب میٹر، یا بل سے متعلق کوئی مسئلہ ہو تو شہری براہِ راست سہولت وین سے رجوع کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ بلنگ میں غلطیوں کی درستگی، ڈپلیکیٹ بل کا فوری اجرا اور نئے گیس کنکشن کے طریقہ کار سے متعلق مکمل رہنمائی بھی اسی وین کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد صارفین کو زیادہ آسان، تیز اور بہتر سروس دینا ہے۔ اس نئی سروس سے نہ صرف عوام کو سہولت ملے گی بلکہ کمپنی اور صارفین کے درمیان رابطہ بھی مزید مضبوط ہوگا۔ چھوٹے نوعیت کے مسائل موقع پر ہی حل ہونے سے شکایات کے ازالے کا وقت بھی کم ہوگا۔

ایس ایس جی سی نے ابتدائی مرحلے میں اس منصوبے کا آغاز کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے کیا ہے۔ اس علاقے سے گیس کی فراہمی، بلنگ اور دیگر معاملات سے متعلق شکایات اور درخواستیں زیادہ موصول ہوتی تھیں، اسی لیے یہاں سے اس سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔ کامیاب نتائج کی صورت میں مستقبل میں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی سہولت وین سروس کو وسعت دی جا سکتی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔