جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

پاکستان سے گدھے کے گوشت کی 27 ٹن وزنی پہلی کھیپ کامیابی سے چین منتقل

19 جولائی, 2026 14:32

پاکستان نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد گوادر فری زون سے گدھے کے منجمد گوشت کی 27 ٹن وزنی پہلی تجارتی کھیپ کامیابی سے چین برآمد کر دی۔

پاکستان سے گدھے کے گوشت کی پہلی کمرشل کھیپ کامیابی کے ساتھ چین پہنچا دی گئی ہے۔ گوادر نارتھ فری زون سے تقریباً 3 ہفتے قبل روانہ کیا جانے والا 27 ٹن وزنی منجمد گوشت کا کنٹینر اب چینی مارکیٹ کا حصہ بن چکا ہے۔

یہ گوشت پاکستان میں رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ چینی کمپنی ‘ہان گینگ ٹریڈ’ کی جانب سے برآمد کیا گیا ہے۔ کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں تیار تمام منجمد گوشت چین بھیجا جا چکا ہے اور اب آنے والے 1 سے 2 ماہ کے دوران اس سپلائی چین کو باقاعدگی سے بڑھا کر ماہانہ کم از کم 40 بڑے کنٹینرز تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں سال اپریل میں چین کو گدھے کا گوشت اور کھالیں برآمد کرنے کی باقاعدہ قانونی منظوری دی تھی، جس کی مئی میں توثیق کی گئی۔

یہ پورا منصوبہ وزارتِ تجارت، وزارتِ قومی غذائی تحفظ اور چین کے کسٹمز محکمے کے درمیان طے پانے والے سخت طبی اور قرنطینہ قوانین کے تحت چلایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : برطانیہ – چین فنڈ کا پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کا فیصلہ

لائسنس ہولڈر چینی کمپنی نے گوادر کے مخصوص اقتصادی زون میں 5 کروڑ ڈالر کی بھاری لاگت سے ایک جدید پروسیسنگ پلانٹ اور ذبح خانہ قائم کیا ہے۔

کمپنی کے ڈپٹی جنرل منیجر عبدالرزاق بلوچ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں صرف گدھے کا گوشت ہی بھیجا گیا ہے جبکہ کھالوں اور دیگر مصنوعات کی برآمد اگلے مراحل میں شروع ہوگی۔

کمپنی نے ملک بھر کے اضلاع رحیم یار خان، شیخوپورہ، کیماڑی اور جامشورو میں گدھوں کے 6 فارمز قائم کیے ہیں، جہاں سے جانوروں کو گوادر منتقل کیا جاتا ہے جبکہ مزید 8 فارمز پر کام جاری ہے۔

حکومت نے حلال گوشت کی برآمدات کو شکوک و شبہات سے بچانے کے لیے اس ذبح خانے کو صرف گوادر کے ہائی سکیورٹی فری زون تک ہی محدود رکھا ہے تاکہ یہ گوشت مقامی مارکیٹ میں منتقل نہ ہو سکے۔

اس پلانٹ کے اندر کسٹمز اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار 24 گھنٹے تعینات ہوتے ہیں، جو پروسیسنگ کے بعد کنٹینرز کو خود سیل کرتے ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔