سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے لیے 33 ہزار سے زائد امیدوار میدان میں، 5,100 نشستوں پر مقابلہ

کراچی: سندھ بھر میں سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ہونے والے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) امتحان میں 33 ہزار 500 سے زائد امیدوار شرکت کریں گے، جبکہ مجموعی طور پر 5,100 نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔
صوبے بھر میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد 16 اگست (اتوار) کو ہوگا، جس کے امتحانات سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروس کے تحت لیے جائیں گے۔
سکھر آئی بی اے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف شیخ کے مطابق امتحان میں 33 ہزار 500 سے زائد امیدوار حصہ لیں گے، جن میں 20 ہزار 934 طالبات اور 12 ہزار 600 سے زائد طلبہ شامل ہیں۔
دوسری جانب جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سراج میمن نے بتایا کہ سندھ میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی مجموعی 5,100 نشستیں دستیاب ہیں، جن میں 2,300 ایم بی بی ایس اور 2,800 بی ڈی ایس کی نشستیں شامل ہیں۔ ان میں تمام کوٹہ نشستیں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے تمام انتظامات اور داخلہ عمل کی ذمہ داری جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو سونپی گئی ہے۔
کراچی میں سب سے زیادہ 10 ہزار 661 امیدوار امتحان دیں گے، جن میں 8 ہزار 186 طالبات اور 2 ہزار 475 طلبہ شامل ہیں۔
دیگر امتحانی مراکز میں حیدرآباد میں 9 ہزار 470، سکھر میں 5 ہزار 462، لاڑکانہ میں 3 ہزار 66، شہید بینظیر آباد میں 2 ہزار 511 اور میرپورخاص میں 2 ہزار 67 امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں قائم خصوصی امتحانی مرکز میں 300 امیدوار ٹیسٹ دیں گے۔
کراچی میں امتحانی مرکز این ای ڈی یونیورسٹی میں قائم کیا گیا ہے، جبکہ امیدواروں کے والدین کے لیے یونیورسٹی سے ملحقہ بینکوئٹ ہال میں بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
امتحانی شیڈول کے مطابق امیدواروں کو صبح 6:30 بجے تک امتحانی مرکز پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹیسٹ صبح 10 بجے شروع ہوگا اور تین گھنٹے پر مشتمل ہوگا۔ امتحان میں 180 نمبر کے کثیرالانتخابی (MCQs) سوالات شامل ہوں گے۔
میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے 55 فیصد جبکہ ڈینٹل کالجوں کے لیے 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ امتحان میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی۔
پروفیسر ڈاکٹر آصف شیخ کے مطابق امتحان کے فوراً بعد آنسر کی جاری کر دی جائے گی، جبکہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے امیدواروں کو کاربن کاپی کے ذریعے اپنے جوابات کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے گا۔ ایم ڈی کیٹ 2026 کے نتائج 22 اگست تک جاری کیے جانے کی توقع ہے۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









