بدھ، 5-اگست،2026
بدھ 1448/02/22هـ (05-08-2026م)

اسپورٹس ویزوں کی آڑ میں بیرون ملک منتقلی کا معاملہ، پاکستانی کھلاڑیوں کے غائب ہونے پر سوالات اٹھ گئے

05 اگست, 2026 13:46

پاکستان میں اسپورٹس کے نام پر بیرون ملک جانے والے بعض افراد کے واپس نہ آنے کے واقعات سامنے آنے کے بعد انسانی اسمگلنگ کے خدشات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ماضی میں بھی مختلف کھیلوں کے کھلاڑی بیرون ملک مقابلوں میں شرکت کے بعد واپس پاکستان نہیں آئے، جس سے اسپورٹس ویزوں کے غلط استعمال کے امکانات پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔

کامن ویلتھ گیمز گلاسکو میں شرکت کرنے والے باکسر قدرت اللہ پاکستان واپس نہیں آئے، جبکہ ناروے کپ میں شریک بیٹر فیوچر پاکستان فٹبال ٹیم کے کھلاڑی نودان المعروف میران پیار علی بھی اوسلو پہنچنے کے بعد واپس نہیں آئے۔

ذرائع کے مطابق میران پیار علی اوسلو پہنچنے کے ابتدائی دنوں میں ہی غائب ہوگئے تھے۔ بیٹر فیوچر کے مطابق ناروے پولیس نے بتایا کہ میران اپنی مرضی سے غائب ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ناروے کپ میں شرکت کرنے والی ٹیم نے اسپورٹس بورڈ اور فٹبال فیڈریشن سے این او سی حاصل نہیں کیا تھا، جبکہ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کاغذات میں بھی مبینہ تبدیلیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

حیران کن طور پر این او سی کے بغیر بیرون ملک روانگی پر ایئرپورٹ امیگریشن انتظامیہ کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

گزشتہ سال مسلم ہینڈ فٹبال ٹیم کے کھلاڑی امان اللہ بھی ناروے میں غائب ہوگئے تھے، جس کے بعد فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی کو نوٹس جاری کیا تھا۔

متعلقہ اداروں کی جانب سے ایسے واقعات کی روک تھام، کھلاڑیوں کے سفری دستاویزات کی جانچ اور اسپورٹس ویزوں کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔