جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

روزانہ پھلوں کا جوس ڈپریشن کی علامات کم کرنے میں مددگار قرار

13 اگست, 2026 14:20

ڈپریشن ایک عام ذہنی بیماری ہے جو انسان کے مزاج اور روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔ تاہم ایک نئی تحقیق میں ایک سادہ غذائی عادت کو ذہنی صحت کے لیے ممکنہ طور پر فائدہ مند قرار دیا گیا ہے۔

برطانیہ کی نیو کیسل یونیورسٹی کے محققین کے مطابق روزانہ 100 فیصد خالص پھلوں کے جوس کا استعمال ڈپریشن کی علامات میں کمی سے منسلک ہو سکتا ہے۔

تحقیق کے لیے ایسے افراد کو شامل کیا گیا جو اپنی روزمرہ خوراک میں پھل اور سبزیاں بہت کم مقدار میں استعمال کرتے تھے۔ شرکا کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا اور انہیں چار ہفتوں تک پھلوں، سبزیوں، جوس یا اسموتھی کے استعمال سے متعلق ہدایات دی گئیں۔

مطالعے کی مدت مکمل ہونے پر تمام شرکا کی خوراک میں پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھ گیا، تاہم جن افراد نے روزانہ پھلوں کا جوس استعمال کیا، ان کے ڈپریشن اسکور میں نسبتاً زیادہ کمی دیکھی گئی۔

محققین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ خوراک میں معمولی اور آسان تبدیلیاں بھی ذہنی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتی ہیں۔ خاص طور پر ان افراد کے لیے جوس یا اسموتھی پھلوں اور سبزیوں کی مقدار بڑھانے کا ایک آسان طریقہ ہو سکتا ہے جو انہیں براہ راست اپنی غذا میں شامل کرنے میں مشکل محسوس کرتے ہیں۔

تحقیق کے دوران شرکا کے موڈ میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ سوالناموں کے ذریعے لیا گیا۔ نتائج میں جوس استعمال کرنے والے گروپ میں ڈپریشن سے متعلق اسکور کم ریکارڈ کیے گئے۔

تاہم محققین نے واضح کیا کہ اس تحقیق کے نتائج ابتدائی نوعیت کے ہیں اور اس تعلق کو مزید بہتر طور پر سمجھنے کے لیے بڑے پیمانے پر اور طویل مدت تک مطالعات کی ضرورت ہے، خصوصاً ایسے افراد پر تحقیق ضروری ہے جو پہلے سے ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہوں۔

محققین کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کا استعمال مجموعی صحت کے لیے اہم ہے، جبکہ متوازن غذا کے ساتھ ان کا مناسب استعمال ذہنی صحت کو بھی سپورٹ کر سکتا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔