پٹرول پمپ مالکان کے لیے بڑی خبر، ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے اضافہ

State Bank Announces New Payment Method
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کے ڈیلرز مارجن میں نظرثانی کی منظوری دے دی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا گیا، جس میں موٹر اسپرٹ (ایم ایس) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
ای سی سی کی منظوری کے بعد پٹرولیم ڈیلرز کا مارجن 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر بڑھا کر 9 روپے 98 پیسے کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل ڈیلرز کو فی لیٹر 8 روپے 64 پیسے مارجن حاصل تھا۔
آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نے بھی ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا شکریہ ادا کیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 15 اگست سے ملک گیر اور غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کررکھا تھا۔ ایسوسی ایشن نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں ہڑتال کی دھمکی کو ڈیلرز مارجن میں اضافے کی بنیادی وجہ قرار دیا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے سخت مذاکرات کے بعد وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں آگاہ کیا کہ وزیراعظم نے ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
ایسوسی ایشن نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے معاملے پر بھی وزیراعظم کو نئی سمری ارسال کی گئی ہے۔ تجویز کے مطابق مشرق وسطیٰ کی جنگی صورتحال میں کمی کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین دوبارہ ہر 7 یا 15 روز بعد کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب ڈیلرز کی جانب سے 8 فیصد مارجن کے مطالبے پر ایک مشترکہ کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے، جو 30 روز میں اپنی سفارشات اور رپورٹ پیش کرے گی۔
ایسوسی ایشن کے صدر کے مطابق حکومت کی یقین دہانیوں کے بعد 15 اگست کو ہونے والی ہڑتال ملتوی کردی گئی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ مطالبات کی مکمل منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار ہے۔
ای سی سی اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سمیت متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









